قائداعظم کے پاکستان میں شدت پسندوں کیلئے کوئی جگہ نہیں،ایم ڈبلیوایم پنجاب

25 December 2013

وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان پنجاب کے صوبائی سیکرٹریٹ میں قائداعظم محمد علی جناح کی یوم پیدائش کے حوالے سے خصوصی تقریب کا اہتمام ہوا۔ تقریب کے مہمان خصوصی علامہ عبدالخالق اسدی جبکہ صدارت علامہ ابوذر مہدوی نے کی۔ تقریب میں ضلع لاہور کے تمام ممبران اور علاقہ کے عمائدین شریک ہوئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید اسد عباس نقوی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پنجاب نے کہا کہ پاکستان کو درپیش مشکلات کی اصل وجہ بانی پاکستان بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے زریں اصولوں پر عمل پیرا نہ ہونا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک کو قائداعظم اور علامہ اقبال کی امنگوں کے مطابق بنانے کیلئے بہت سے اہم فیصلے کرنے ہوں گے، قائداعظم کے پاکستان میں شدت پسندوں کیلئے کوئی جگہ نہیں، جو کوئی بھی اسلحہ اور بندوق کے زور پر بات کرتے ہیں وہ نہ پاکستان کے خیر خواہ ہیں نہ اسلام کے۔

 

سید اسد عباس نقوی نے کہا کہ پاکستان مسلمانوں کیلئے بنا تھا اور مسلمان کبھی بھی شدت پسند نہیں ہوتے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج قائدِاعظم اور علامہ اقبال کی روح ہم سے سوال کر رہی ہے کیا ہم نے اس لئے پاکستان بنایا تھا کہ یہاں مسلمان مسلمان کے گلے کاٹیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان کی غیور عوام کو قائداعظم کے اصل پاکستان کا چہرہ سامنے لانے کیلئے ان حیوان صفت درندوں دہشت گردوں کیخلاف اٹھ کھڑا ہونا ہو گا تاکہ پاکستان میں امن کا بول بالا ہو، اس کے ساتھ ان جاگیرداروں اور سرمایہ کاروں کے تسلط سے بھی وطن عزیز کو نکالنا ہو گا جو ملک کی ترقی کیلئے نہیں بلکہ دولت اور سرمایہ بڑھانے کیلئے اقتدار پر قابض ہوتے ہیں۔ تقریب سے ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے سربراہ علامہ عبدالخالق اسدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن ہماری اقلیتی برادری مسیحی بھائیوں کیلئے بھی خوشی کا دن ہے، حضرت عیسیٰ کی یوم ولادت باسعادت کا دن ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ جو مسلمانوں کے بھی پیغمبر اور نبی تھے اور ساتھ میں پاکستان کے اس عظیم رہنما کی ولادت کا دن بھی ہے جس کی بدولت آج ہم سکھ کا سانس لے رہے ہیں، قائداعظم محمد علی جناح نے برصغیر کے مسلمانوں کیلئے اپنی آخری سانس تک جدوجہد کر کے وطن عزیز پاکستان کو ہمارے لئے حاصل کیا لیکن افسوس کا مقام یہ ہے کہ آج ہم نے قائد کے رہنما اصولوں کو فراموش کر کے ملک کو اغیار کے رحم و کرم پر اس ملک کو چھوڑا ہوا ہے، ہمارے سیاستدان کرپٹ، ہمارے ادارے زبوں حالی کا شکار ہیں، ہمیں آج یہ فیصلہ کرنا ہو گا کہ قائداعظم کا پاکستان چاہئے یا انتہا پسندوں کا؟ تقریب کے اختتام پر وطن عزیز کی سلامتی اور استحکام کیلئے علامہ ابوذر مہدوی نے خصوصی دعا کی۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree