وحدت نیوز(اسلام آباد) سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیر اہتمام مرکزی جامع مسجد وامام بارگاہ اثناءعشری جی سکس ٹو اسلام آباد میں عظیم الشان مرکزی مجلس چہلم شہید حسن نصراللہ و شہدائے قدس کےپرشکوہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سید حسن نصراللہ ایک کریم اور لطیف شخصیت کے مالک عظیم انسان تھے، آپ کسی پر ظلم برداشت نہیں کرتے تھے، اگر کسی نے عزت سے جینا اور مرنا ہے تو شہدائے قدس کے نقش قدم پر چلے، ان عظیم شہداء نے اسرائیل کی طاقت کا غرور خاک میں ملا دیا ہے، شہداء تحریک مقاومت کے سر کا تاج ہیں، شہداء نے تحریک آزادی قدس کو نئی زندگی دے دی ہے، تاریخ گواہ ہے خیبر کو یا مولا علی نے فتح کیا یا علی والے کریں گے، سید حسن نصراللہ کی شہادت سے حزب اللہ کمزور نہیں ہوئی، آج نتن یاہو اپنے گھر میں محفوظ نہیں رہا بنکروں میں چھپتا پھر رہا ہے، غزہ کے لئے شیعہ سنی خون اکھٹا ہو گیا ہے، جسے دنیا کا کوئی فرعون جدا نہیں کر سکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ غزہ کی جنگ نہیں عالم اسلام کی جنگ ہے، لبنان کی سرحد پر اسرائیل کے پاؤں کانپ رہے ہیں، اسرائیل ایک سال سے بچوں عورتوں ہسپتالوں اور مساجد سے لڑ رہا ہے، پاکستان سے امریکی نفوذ کا خاتمہ ضروری ہے، وطن عزیز امریکی سامراجیت کے شکنجے میں جکڑا ہوا ہے،غزہ والے سب حسینی ہیں، شہید یحی سنوار نے خون کے آخری قطرے تک ڈٹے رہنا کربلا سے سیکھا، وہ سفاک اسرائیل کے سامنے نہ ڈرا نہ سہما بلکہ جوانمردی کے ساتھ میدان میں زخموں سے چور چور جسم کے ساتھ شہادت کا استقبال کیا، آج کے صہیونی خیبر کو اکھاڑ پھینکنے کے لیے رسول خدا کے سچے عاشق حملہ آور ہیں، عظیم اور بابصیرت رہبر معظم سید علی خامنہ ای کی قیادت میں لشکر مقاومت ناجائز صہیونی ریاست کو ڈھا دے گا، امریکہ و اسرائیل اپنے جدید ترین وسائل کے باوجود اس خدائی لشکر کے سامنے بے بس ہے، صہیونی رجیم کے خلاف تمام مسلمان متحد ہو چکے ہیں، ہم اس وحدت کو ٹوٹنے نہیں دیں گے، ہم اپنے ملک سے بھی بیرونی مداخلت کا خاتمہ کریں گے۔