وحدت نیوز(کوئٹہ)وزارت مذہبی امور بلوچستان کے زیر اہتمام بیوٹمز یونیورسٹی میں پیغام پاکستان بین المسالک علماء و مشائخ کانفرنس منعقد ہوئی۔کانفرنس سے اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالخالق اچکزئی ،ایم ڈبلیوایم کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی، رکن اسلامی نظریاتی کونسل صاحبزادہ پیر خالد سلطان قادری، علامہ شبیر میثمی، صوبائی وزراء میر محمد صادق عمرانی میر شعیب نوشیروانی صوبائی مشیر مینا مجید بلوچ رکن صوبائی اسمبلی عبدالمجید بادینی علمائے کرام اور مشائخ عظام شریک ہوئے۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ قرآن کریم میں اللہ تعالی نے ارشاد فرمایا سبب مل کر اللہ کی رسی مضبوطی سے تھام لو اور آپس میں تفرقہ نا کریں۔ امر وجوب پر دلالت، کرتا ہے یعنی اتحاد بین المسلمین فرض ہے۔ قرآن مجید نے تفرقہ سے روکا ہے یعنی تفرقہ بازی حرام اور گناہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ وطن عزیز پاکستان اسلام کے نام پر بنا یہ مسلکی پاکستان نہیں مسلم پاکستان ہے قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں شیعہ سنی دیوبندی بریلوی اھل حدیث سب نے مل کر جدوجہد کی آج بھی ہمارے درمیان اسی اتحاد و وحدت کی ضرورت ہے۔ اسلام دشمن سامراجی قوتوں نے لڑاو اور حکومت کرو کی پالیسی کے تحت مسلمانوں کے درمیان نفرتوں کو ہوا دینے کے لیے کروڑوںڈالرز خرچ کئے۔ علمائے کرام نے متحد ہو کر اسلام دشمن استکباری قوتوں کے عزائم خاک میں ملانا ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم محب وطن شہری ملک کی موجودہ صورتحال پر پریشان ہیں یہاں دھشت گردی ہو رہی ہے اس دھشت گردی میں اسی ہزار بے گناہ شہری شہید ہوئے۔ کوئٹہ میں مسجد میں نماز جمعہ پر حملہ ہوا یوم عاشور جلوس پر حملہ کیا گیا گذشتہ سال مستونگ میں عید میلاد النبی ﷺ کے جلوس پر حملہ کیا گیا مگر آج تک دھشت گردوں کو بے نقاب کیا گیا نا ہی انہیں پھانسی دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی صورتحال پر محب وطن لوگوں کو شدید تشویش ہے بلوچستان میں گولیوں اور فوجی اپریشن سے امن قائم نہیں ہو سکتا۔ اب وقت آ چکا ہے کہ بلوچستان کے زخموں پر مرہم رکھا جائے۔ اگر ان زخموں پر نمک پاشی کی گئی یا بلوچستان کے زخموں پر مرچ چھڑکی گئی تو حالات بہتر ہونے کی بجائے بدتر ہوں گے۔