ملک میں جب تک قانون کی عملداری نہیں ہو گی یہ ملک آگے نہیں بڑھ سکتا، سینیٹر علامہ راجہ ناصرعباس

22 August 2024

وحدت نیوز(اسلام آباد)تحریک تحفظ آئین پاکستان کے رہنما سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، محمود خان اچکزئی و دیگر اپوزیشن اتحاد کے رہنما ترنول جلسہ گاہ پہنچے۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ ملک میں جب تک قانون کی عملداری نہیں ہو گی یہ ملک آگے نہیں بڑھ سکتا، ہم ملک میں آئین وقانون کی بالادستی قائم کرنے کے لیے کوشاں اور میدان میں موجود ہیں، ملک میں فسطائیت اور قانون شکنوں کی حکومت یے، جو بھی قانونی راستہ اختیار کرتے ہوئے احتجاج کرنا چاہتا ہے یہ کم عقل اور چھوٹے حکمران اس کی حوصلہ شکنی کرتے ہیں، جو طاقتور ہے اس کے سامنے یہ بے بس و لاچار ہیں، بدمعاشوں کی حکومت ہے، جو آئے روز رول آف لاء کو بلڈوز کر رہے ہیں، آج پاکستان کی سب سے مقبول اور بڑی سیاسی پارٹی کو جلسہ کرنے سے روکا گیا، پرامن اور نہتے کارکنان پر ڈنڈے برسائے گئے، انہیں مارا پیٹا گیا، یہ بوکھلاہٹ کا شکار ہیں، سٹ پٹا گئے ہیں، جو قانون و آئین شکنی پر تلے ہوئے ہیں وہ ملک کو تباہ وبرباد کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میرے پیارے وطن کو پوری دنیا میں بدنام کر کے رکھ دیا ہے ان نااہل و ناعاقبت اندیشوں نے، جس پارٹی کو انتخابات میں عوامی مینڈیٹ ملا ہے اسے حکومت کرنے دی جائے اگر ناکامی ہو تو دوبارہ عوام کی عدالت میں جانا چاہیے، عوامی رائے کا احترام کرنے میں ہی ملکی بقاء و سلامتی ہے، انتقامی سیاسی کاروائیوں کی آگ میں یہ اس قدر آگے نکل گئے ہیں کہ ملکی معیشت واقتصاد کو نقصان پہنچا رہے ہیں، معاشی طور پر نڈھال ملک میں فائر وال لگا کر اربوں روپے کا نقصان کرنا کہاں کی دانشمندی ہے، ای کامرس اور آن لائن تجارت و کاروبار سے کھلواڑ کیا گیا ہے، انٹرنیٹ کی رفتار سست کر کے لاکھوں لوگوں کے روزگار پر شب خون مارا گیا ہے، انشاء اللہ پاکستانی عوام نہیں تھکیں گے اور اس ظلم و جبر کے نظام کو شکست فاش دیں گے، کوئی بھی حکومت کفر سے تو چل سکتی ہے مگر ظلم سے نہیں۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree