پیغام محرم الحرام ہمیں مظلومین جہاں کی نصرت وحمایت کا درس دیتا ہے، علامہ راجہ ناصرعباس

31 August 2019

وحدت نیوز(اسلام آباد) محرم الحرام تلوار پر خون کی فتح کا مہینہ ہے، محرم الحرام ہمیں ظالم قوتوں کے سامنے مقاومت و قیام کرنے اور مظلوموں کی حمایت کا درس دیتا ہے، کربلا دو شہزادوں کی جنگ نہیں بلکہ حق و باطل کی جنگ ہے، امام عالی مقام نواسہ رسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے دنیا بھر کے حریت پسندوں کو درس دیا کہ ذلت کی زندگی سے عزت کی موت بہتر ہے،ظالم قوتوں سے بلا خوف خطر ٹکرانے کا نام ہی شیوہ حسینی ہے،اسلام پر سب کچھ قربان کیا جاسکتا ہے مگر اسلام کو کسی چیز پر بھی قربان نہیں کیا جاسکتا، ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے میڈیا سیل سے جاری اپنے پیغام محرم الحرام میں کیا۔

 انہوں نے کہا کہ ہمیں محرم الحرام اور روز عاشور کی خونی شہادتوں سے کبھی غافل نہیں ہونا چاہیئے اور ان کے اسباب کو جاننا چاہیئے۔    اگر ہم کربلا کو سمجھ لیں اور اپنی زندگی میں اسے بروئے کار لائیں تو لشکرِ امام حسین علیہ السلام میں داخل ہوسکتے ہیں اور ہر زمانے کے ظالم و ستمگر کے مدِّ مقابل آسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہادت کا راستہ تمام راستوں سے زیادہ روشن ہے، شہید سب سے زیادہ جاذبِ نظر ہوتا ہے اور سب نے دیکھ لیا کہ قیام حسینی علیہ السلام اور ان کے خون سے بنو امیہ رسوا پھر نابود ہوگئے، دین اسلام کو کمال و دوام حاصل ہوا، ساکت و پست حوصلہ افراد کو دین کی حفاظت اور شہادت کا حوصلہ ملا۔ پھر اس کے بعد کتنی ہی آذادی کی تحریکیں چلیں اورظالم حکومتوں کو نابود کرتی گئیں، پس دین کی پاسداری عاشورا کا ایک اہم پیام ہے۔

انہوںنے مزیدکہاکہ پیغام محرم الحرام ہمیں مظلومین جہاں کی نصرت وحمایت کا درس دیتا ہے آج کشمیر، فلسطین، یمن اور بحرین کے مظلومین کی حمایت اور ان کی مدد کرنا ہم پر فرض ہے، پوری مسلم امہ اگر اسوہ شبیری پر عمل پیرا ہوں تو وہ دن دور نہیں کہ اسلام دین محمدی کے دشمن رسوا ہوں اور حقیقی اسلامی نظام کا بول بالا ہوں، ہمیں محرم الحرام کی حرمت اور امام عالی مقام علیہ السلام کی درس حریت سے سبق حاصل کرتے ہوئے امن، محبت، صبر، استقامت اور بھائی چارے کے پیغام کو عام کرنا ہوگا، یہی درس کربلا اور مقصد شہادت امام عالی مقام علیہ السلام ہے۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree