وحدت نیوز(اسلا م آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے رمضان المبارک کے مقدس موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ رمضان المبارک تزکیہ نفس کا مہینہ ہے۔ماہ صیام میں اللہ تعالی اپنے بندوں کو ان کے نفوس کی طہارت و پاکیزگی کا بہترین موقع دیتا ہے۔اس ماہ میں عبادات کے ساتھ ساتھ نادار ،مساکین اور ضرورت مند افراد کی مشکلات دور کرکے افضل ترین ثواب کمایا جا سکتا ہے۔کورونا وائرس کی وبا کے باعث دیہاڑی دار اور مزدور پیشہ افراد کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔ ان کے ذرائع آمدن مسدود ہو کر رہے گئے ہیں۔ اپنے قرابت داروں اور اہل محلہ میں ایسے افراد کا خصوصی خیال رکھنا ہر صاحب استطاعت کی شرعی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے طبی ماہرین کی طرف سے جو تدابیر اختیار کرنے کی تاکید کی جارہی ہے اس میں اگر غفلت برتی گئی تو یہ ملک و قوم کے ساتھ ظلم ہو گا۔عالم اسلام کے تمام مسالک کی جید مذہبی شخصیات نے کورونا سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کو فرض قرار دے رکھا ہے۔ اپنے ملک اور قوم کے تحفظ اور اس وبا سے چھٹکارے کے لیے ہمیں جذبات کی بجائے ہوشمندی اور حکمت و بصیرت کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ عبادات، عزاداری اور دیگر مذہبی رسومات پر عمل ہمارے ایمان کا حصہ ہیں تاہم انسانی جان کی حفاظت اولین شرعی فریضہ ہے۔انسانی زندگی کو نقصان پہنچانے کی دانستہ کوشش اللہ تعالیٰ کے احکامات کی نفی ہے۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک ایثار، رواداری اور برداشت کا درس دیتا ہے۔ عالمی حالات کے تناظر میں موجودہ مشکلات کو صبر اور حوصلے کے ساتھ برداشت کرنے میں ہی ملک و قوم کی سلامتی ہے۔

وحدت نیوز (مظفرآباد) آل پارٹیز شیعہ کانفرنس زیر صدارت صدر شیعہ علماء کونسل آزادجموں کشمیر علامہ سید صادق نقوی منعقد ہوئی ۔اجلاس میں خصوصی طور پر مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر کے وفد نے سیکرٹری جنرل علامہ سید تصور حسین نقوی کی قیادت میں شرکت کی, اجلاس میں سینئر وائس چیئرمین جعفریہ سپریم کونسل علامہ سید فرید عباس نقوی, ادارہ فروغ وتبلیغات اسلامی حسینی فاؤنڈیشن علامہ احمد علی سعیدی, ناظم امامیہ آرگنائزیشن سید زوار حسین نقوی ایڈوکیٹ, امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن سید اقرار علی اور سیکرٹری جنرل مرکزی انجمن جعفریہ سید اقتدار حسین نقوی کے علاوہ ڈپٹی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین آغا سید طالب حسین ہمدانی,نائب صدر شیعہ علماء کونسل حافظ کفایت حسین نقوی,سیکرٹری تنظیم سازی مجلس وحدت مسلمین سید فدا حسین نقوی,سیکرٹری سیاسیات شیعہ علماء کونسل سید عارف حسین نقوی,سیکرٹری ایمپلائزونگ مجلس وحدت مسلمین سید ممتاز حسین نقوی, ڈویژنل صدر شیعہ علماء کونسل مولانا سید معصوم علی سبزواری,سیکرٹری روابط مجلس وحدت مسلمین سید عامر علی نقوی, مسئول آفس سید تصور حسین نے بھی شرکت کی۔

 اجلاس میں یہ طے پایا کہ آئندہ حکومتی ملاقاتوں میں تمام مذہبی جماعتوں کو اعتماد میں لے کر فیصلہ اور شرکت کی جائے۔ اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ کرونا وباء کی موجودہ صورت حال کے پیش نظر اجتماعی عبادات, شب ہائے قدر,یوم القدس, یوم شہادت امیرالمومنین علی ابن ابی طالب علیہ السلام اور نماز باجماعت میں مراجع عظام کے فتاویٰ کے مطابق عمل کیا جائے۔

 آئندہ اجلاس مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر کی میزبانی میں ہوگا اور جلد ہی تاریخ کا اعلان ہوگا۔اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ ایسےداخلی اور خارجی عناصر جو شر و فتنہ پیدا کرتے ہیں ایسے عناصر کی روک تھام کے لیے اجلاس میں کام کیا جائے۔آئندہ روابط بڑھا کر یوم القدس کو مشترکہ طور پر بھرپور انداز سے ISO کی سربراہی میں حالات کے مطابق منایا جائے گا۔

وحدت نیوز (اسلام آباد) ترجمان وزیر اعظم پاکستان ندیم افضل چن کی مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹریٹ آمد، سربراہ ایم ڈبلیوایم علامہ راجہ ناصرعباس جعفری سمیت دیگر قائدین سے ملاقات ۔

تفصیلات کے مطابق ندیم افضل چن اور ایم ڈبلیوایم کے قائدین کے درمیان موجودہ ملکی صورت حال، کروناکی وبا ،عوامی مشکلات اور رمضان المبارک سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پرمرکزی رہنما سید ناصر شیرازی ،سید اسد عباس نقوی،علامہ اقبال بہشتی،مظاہر شگری سمیت علامہ ضیغم حسینی اور ارشاد حسین بنگش بھی موجود تھے۔

وحدت نیوز(کراچی)مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ باقر زیدی نے کہا ہے کہ ملک بھر میں گندم کی کٹائی کا آغاز ہو چکا ہے۔ حکومت غذائی اجناس کے حوالے سے مربوط اور منظم لائحہ عمل وضح کرے۔اس حوالے سے متعلقہ حکام کی عدم توجہی پوری قوم کو کسی نئے بحران سے دوچار کر سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث پورے ملک کو ہنگامی صورتحال کا سامنا ہے۔ ناجائز منافع خور اورذخیرہ اندوز عناصر ایسے مواقعوں کی تاک میں بیٹھے ہوتے ہیں۔کورونا وائرس کی وبا کے شروع ہوتے ہی ماسک،سینی ٹائزرز اور دیگر طبی سامان کی عدم دستیابی مافیاز کے متحرک ہونے کی دلیل ہے۔

انہوں نے کہا کہ کہ گندم کی کٹائی سے لے کر تقسیم تک کے تمام مراحل حکومتی نگرانی میں طے پائے جانے چاہیے تاکہ کسی کو بھی آٹے سمیت دیگر اجناس کی مصنوعی قلت پیدا کرنے کا موقعہ نہ مل سکے۔ لاک ڈاؤن کے باعث اس وقت سب سے زیادہ متوسط طبقہ متاثر ہے۔ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی کر کے انہیں براہ راست ریلیف فراہم کیا جائے ۔ جس وقت تک ملک کے حالات معمول پر نہیں آ جاتے اس وقت تک گندم اور دیگر اجناس کی قیمتوں میں اضافے پر حکومت کی طرف سے پابندی لگائی جانی چاہیے تاکہ عام طبقہ مہنگائی سے بچ سکے۔

وحدت نیوز (جیکب آباد) حکیم الامت مصور پاکستان حضرت علامہ اقبال رح کے 82 ویں یوم وفات کے موقع پر مدرسہ خاتم النبیین ص میں منعقدہ درسی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ علامہ اقبال رح نے برصغیر کے مسلمانوں کو خواب غفلت سے بیدار کیا اور انہیں انگریزوں اور ہندووں کی غلامی سے نکال کر ایک ایسی آزاد اور خودمختار مملکت کا خواب دکھایا جو اسلام کے زریں اصولوں پر عمل پیرا ہو۔

 علامہ اقبال رح نے امت مسلمہ کو قرآن کریم کی روشن تعلیمات سے روشناس کراتے ہوئے عالم مغرب اور سامراجی طاقتوں کے منحوس عزائم کو بے نقاب کیا۔ پاکستان کی سربلندی کے لئے ضروری ہے کہ اسے افکار اقبال کی روشنی میں چلایا جائے۔ علامہ اقبال رح کے افکار کو وطن پاکستان کے آئین اور دستور کا درجہ ملنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال اس قوم کے محسن ہیں ان کے افکار تعلیمات ہمارے لئے رہنما اصول کا درجہ رکھتے ہیں۔ حکیم الامت کے یوم وفات پر ان سے عہد کرتے ہیں کہ جس پاکستان کا خواب انہوں نے دیکھا تھا اسے شرمندہ تعبیر کرتے ہوئے ایک آزاد خودمختار خوشحال پاکستان تعمیر کریں گے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ رمضان المبارک رحمتیں اور برکتیں سمیٹنے کا مہینہ ہے۔امت مسلمہ اپنے نفس کی پاکیزگی کے لیے اس ماہ میں عبادات کاخصوصی اہتمام کرتی ہے اس لیے سارا سال اس مقدس ماہ کا انتظار رہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس بار رمضان المبارک ایسی آزمائش کی گھڑی میں آ رہاہے جس میں ہماری ذمہ داریاں اور واجبات پہلے سے سے کئی گنا زیادہ بڑھ گئے ہیں۔لاک ڈاؤن کے باعث نادار اور مفلس افراد کو گھریلو مشکلات کا سامنا ہے۔ایسے گھرانے جو تنگدستی میں گزر بسر کر رہے ہیں انہیں ضروریات زندگی کی اشیا مہیا کر کے رمضان میں دہرا ثواب کمایا جا سکتا ہے۔ہر صاحب استطاعت کو چاہیے کہ وہ اپنے گرد و نواح میں ایسے گھرانوں کو نظر میں رکھے ۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا پوری دنیا میں پھیلی ہوئی ہے اس سے بچاؤ کا واحد حل احتیاط ہے۔ ہمیں باہمی رابطوں میں ان ہدایات پر سختی سے عمل کرنے کی ضرورت ہے جن کی طبی ماہرین باربار تاکید کر رہے ہیں۔عبادات اور مذہبی رسومات پر عمل ہمارے ایمان کا حصہ ہے تاہم جب انسانی زندگی کو خطرہ ہو تو مذہبی معاملات میں اللہ تعالیٰ کی طرف سے لچک اور گنجائش موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان میں عبادات اور عزاداری کے پروگراموں کے دوران کورونا سے بچاؤ کی تدابیر پر عمل کر کے اپنے آپ اور دوسروں کو اس جان لیوا مرض سے بچایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کورونا سے بچاؤ کے لئے حکومتی اقدامات کی پیروی کو تمام مراجع عظام نے واجب قرار دے رکھا ہے۔ اس سلسلہ میں ملت تشیع کی کوئی دوسری رائے نہیں ہونی چاہیے۔رمضان المبارک کے دوران سیکورٹی کے معاملات بھی غیرمعمولی نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔ہمارے ملک کو ایک ہی وقت میں بہت سارے چیلنجز کا سامنا ہے۔ وطن عزیز میں موجود منفی عناصر شرپسندی کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے۔ایسی صورتحال میں سیکورٹی اداروں کو چوکس رہنا ہو گا۔

Page 20 of 1508

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree