وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس نے جشن آمد سیدالانبیا خاتم النبیین رحمت العالمین حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت کی مناسبت سے اتحاد بین المسلمین اور باہمی اخوت و محبت کی ترویج کیلئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی وحدت کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر ملک کی تمام مکاتبِ فکر کی مذہبی شخصیات اور مشائخ عظام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ مجلس وحدت مسلمین کی دعوت پر تمام مسالک اور مذاہب کا ایک چھت تلے جمع ہونا قوم کیلئے بہت بڑی خوشخبری ہے، تمام شخصیات نے ایم ڈبلیو ایم کی دعوت پر لبیک کہتے ہوئے ثابت کیا ہے کہ دشمنوں کے مقابلے کیلئے ہم متحد ہیں کوئی بھی مسلمانوں میں نفاق پیدا نہیں کر سکتا۔
دورہ لاہور مکمل کرکے اسلام آباد روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ ناصر عباس کا مزید کہنا تھا کہ دین اور وطن کیلئے وحدت وقت کی اہم ضرورت ہے، ایم ڈبلیو ایم نے ہمیشہ وحدت کیلئے کوشش کی ہے، حالیہ کانفرنس کے کامیاب انعقاد نے دشمنوں کے عزائم خاک میں ملا دیئے ہیں، میلادالنبی ﷺ کے سلسلے میں ملک بھر میں یادگار تقاریب کا انعقاد جاری ہے۔ انہوں نے حکومتِ پنجاب بالخصوص وفاقی حکومت کی طرف سے پذیرائی دینے پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
وحدت نیوز(جیکب آباد) کارنیلین کے زیراہتمام پرامن پاکستان اور ٹالرینس کرکٹ لیگ پروگرام مسکان ہال جیکب آباد میں تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خاص سابق کپتان پاکستان کرکٹ ٹیم معین خان تھے۔ اس موقعہ پر تقریب میں (رواداری میں کھیلوں کا کردار) کے موضوع پر گروپ ڈسکشن ہوئی۔ جس میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی شہری اتحاد جیکب آباد کے صدر محمد اکرم ابڑو ایس ایس پی جیکب آباد بشیر احمد بروہی مسیحی پادری شیرون یوسف ھندو کونسلر شریک ہوئے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ نوجوانوں کو منشیات اور منفی سرگرمیوں سے بچانے کے لئے کھیل اور ورزش ضروری ہے۔انہوں نےکہا کہ سندہ کی سرزمین صدیوں سے رواداری اور مذہبی بھائی چارے کا مرکز رہی ہے یہاں حضرت لعل شہباز قلندر حضرت شاہ عبد اللطیف بھٹائی اور سچل سرمست جیسے بزرگوں نے امن محبت اور رواداری کا درس دیا۔ یہی سبب ہے کہ آج بھی محرم کی عزاداری پو یا ربیع الاول کا میلاد تمام مکاتب فکر کے درمیان اخوت اور رواداری نظر آتی ہے۔انہوں نےکہا کہ ایمان امن سے جبکہ اسلام سلامتی سے نکلا ہے۔ دین مقدس اسلام نے ہمیں امن و سلامتی اور رحمت کا درس دیا ہے۔
وحدت نیوز(ماتلی) ملک دشمن عناصر سندھ میں فرقہ واریت کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔حضرت محمد ﷺ اور ان کی آل پر مسلمانوں کے تمام مکاتب فکر کا کامل ایمان ہے۔ اہلبیت اطہار علیہم السلام کی گستاخی توہین رسالت کے زمرے میں آتی ہے جس کے مرتکب کو سرعام پھانسی ملنی چاہئے۔شان میں گستاخی کرنے وا لے مجرم کی ماتلی سمیت دیگر اضلع میں ایف آئی آر درج کی جائے۔مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے گستاخ اہلبیت ؑ کی پھانسی کیلئے بدھ کو احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ رضا محمد سعیدی نے ماتلی پریس کلب میں نیوز کانفرنس کے دوران خطاب میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ امام مہدی علیہ السلام کی ذات اقدس کے حوالے سے تمام مسلمانوں کے تمام مکاتب فکر متفق ہیں اور ان کے احترام کو ایمان کا حصہ قرار دیتے ہیں۔سوشل میڈیا پر امام مہدی علیہ السلام کی شان میں گستاخی کرنے والے ملعون عبد الستار جمالی نے امت مسلمہ کے مذہبی جذبات کو مجروح کیا۔توہین اہلبیت کی اس جسارت نے پورے ملک کو غم و غصے میں مبتلا کر دیا ہے۔عبد الستار جمالی نہ صرف مقدسات کی توہین کا ارتکاب کیا ہے بلکہ پورے ملک میں فرقہ واریت کی آگ بھڑکا نے کی مذموم کوشش بھی کی ہے۔ اس اقدام کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کی کال پربدھ کے روز ماتلی سمیت سندھ کے مختلف اضلاع میں مظاہرے کیے گئے جائیں گے اس حوالے سے ماتلی پریس کلب کے باہر احتجاج کیا جائے گا۔
علامہ رضا محمد سعیدی کا مذید کہنا تھا کہ سرزمین سندھ اول اسلام کے بعد سے ہی اولیاء اللہ کا مسکن رہی ہے اور اس سرزمین پر مشہور معروف صوفی و مذہبی شخصیات کی آمد و رفت رہی ہے اور انہی کی بدولت اسلام پھیلا ہے جبکہ آج سندھ دھرتی پر چند نفرت انگیز عناصر دشمنان اسلام اور دشمنان پاکستا ن کے ناپاک عزائم کی تکمیل کے لئے یہاں فرقہ واریت کو فروغ دینا چاہتے ہیں کہ سندھ دھرتی میں بسنے والے پر امن اور عاشقان محمد و آل محمد علیہم السلام کے راستوں میں رکاوٹ بن سکیں۔فرقہ واریت کو ہوا دینے کے لئے بیرونی آقاؤں کے اشارو ں پر چلنے والے یہ ناعاقبت اندیش عناصر کبھی توہین رسالت کے مرتکب ہو تے ہیں تو کبھی اہل بیت رسول کے خلاف ہرزہ سرائی کر کے سندھ کے پر امن ماحول کو خراب کرنے کا گھناؤنا کھیل کھیل رہے ہیں، عبد الستار جمالی کو سرعام پھانسی پر لٹکایا جائے تاکہ آئندہ کوئی ایسی مذموم حرکت کرنے کی جرات نہ کرے۔پریس کانفرنس میں ایم ڈبلیو ایم کے رہنما ارشد علی،مولانا مجاہد سعیدی،مولانا ممتاز علی طاہری،یعقوب الحسینی سمیت دیگر موجود تھے۔
وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے زیراہتمام ولادت باسعادت حضرت محمد (ص) کے سلسلے میں سالانہ میلادالنبی ریلی نماز جمعہ کے بعد جامع مسجد الحسین نیوملتان سے نکالی گئی ،ریلی کی قیادت علامہ قاضی نادر حسین علوی، علامہ غلام مصطفی انصاری، متحدہ میلاد کونسل کے رہنمائوں راو محمد عارف رضوی، رکن الدین حامدی، مولانا وسیم عباس معصومی، مولانا عمران ظفر، مولانا غلام جعفر انصاری، مولانا فرمان حیدر، سلیم عباس صدیقی،مرزا وجاہت علی، مظہر عباس کات، وسیم عباس زیدی، سید دلاور عباس زیدی، سید ندیم عباس کاظمی، عاطف حسین نے کی۔
ریلی گلشن مارکیٹ، مدنی چوک، چوک کمہارانوالہ، معصوم شاہ روڈ ، علی چوک، دولت گیٹ چوک ، حسین آگاہی سے ہوتی ہوئی گھنٹہ گھر چوک پہنچی ، جہاں قائدین نے خطاب کیا، راستے میں جگہ جگہ ریلی کے شرکاء کا استقبال کیا گیا، چوک کمہاراں والا ، کچی سرائے اور دولت گیٹ چوک پر استقبال کیا گیا،ریلی میں مسجد نبوی کے ماڈل اور سبز پرچم نمایاں تھے، ریلی سے خطاب کرتے ہوئے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ ملک کو اس وقت اتحاد و وحدت کی اشد ضرورت ہے، رسول خدا کی ذات تمام عالم اسلام کے لئے نقطہ اتحاد ہے، ہمیں رسول خدا کی محبت میں ایک ہونے کی ضرورت ہے، شیعہ سنی وحدت وقت کی اہم ضرورت ہے، ہم اس ملک میں شیعہ سنی وحدت کے لئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے، حکومت کی جانب سے عید میلادالنبی کے موقع پر انتظامات قابل تحسین ہیں۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے متحدہ میلاد کونسل کے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ الحمداللہ ہر سال عاشقان مصطفی کے جوش و جذبے اور ولولے میں اضافہ نظر آرہا ہے، متحدہ میلاد کونسل ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے میلادالنبی ریلی کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتی ہے، ہمیں اس شہر اور ملک کو خوبصورت بنانے کے لئے اسی اخوت اور محبت کی ضرورت ہے، ہم عاشقان مصطفی کے خادم ہیں،علامہ قاضی نادر علوی کا کہنا تھا کہ اس وقت جو ملکی صورتحال ہے اس میں رسول خدا کی عملی سیرت کو اپنانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ صرف زبانی دعوے خرچ سے معاشرہ میں امن قائم نہیں ہو سکتا، ہر شخص اپنی ذمہ داری ادا کرے گا تب ملک میں امن اور خوشحالی آئے گی۔ ریلی میں فخر نسیم، رانا فیضان الحسینی، ثقلین نقوی اور دیگر نے شرکت کی۔ ریلی کے آخر میں ملکی سلامتی کے لیے خصوصی دعا کرائی گئی۔
وحدت نیوز(کراچی) شہر قائد میں آوارہ کتوں کی بہتات نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ۔مختلف علاقوں میں بچوں اور خواتین کو آوارہ اور پاگل کتوں کے کاٹنے کے واقعات میں مسلسل اضافہ تشویش ناک ہے۔ حکومت سندھ اور شہری حکومت ان واقعات کا فوری نوٹس لیکر کتوں کے خاتمے کیلئے اقدامات کریں۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کراچی ضلع ملیر کے سیکریٹری جنرل سید عارف رضازیدی نےضلعی سیکریٹریٹ وحدت ہاؤس جعفرطیار سوسائٹی ملیر میں کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہاکہ پورے شہر بالخصوص ضلع ملیر میں آوارہ اور پاگل کتوں کی بھرمار ہے۔ دن ہویا رات شہریوں کی آمد ورفت مشکل بن گئی ہے ۔موقع پاتے ہی آوارہ اور پاگل کتے معصوم بچوں، خواتین ، بزرگوں اور جوانوں پر حملہ کردیتےہیں ۔ گذشتہ روز جعفرطیار سوسائٹی میں اسکول جاتی بچی بھی ایک آوارہ کتے کے کاٹنے سے شدید زخمی ہوئی ۔
عارف رضا زیدی نےکہاکہ ایک جانب حکام ان کتوں کے خلاف کوئی کاروائی کرتے نظر نہیں آتے تو دوسری جانب کتوں کے کاٹے کی ویکسین بھی اسپتالوں میں دستیاب نہیں جس سے شہریوں کی قیمتی زندگیاں داؤ پرلگی ہوئی ہیں ۔ عارف رضا زیدی نے سندھ اور شہری حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور شہر میں موجود آوارہ اور پاگل کتوں کے خاتمے کیلئے موثر اقدامات بروئے کار لائے جائیںاور اسپتالوں میں کتوں کے کاٹے کی ویکسین کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے17نومبر بروز اتوار ایوان اقبال لاہور میں منعقدہ وحدت کانفرنس کی دعوتی مہم زوروشور سے جاری ہے ۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان مرکزی سیکریٹری امور سیاسیات اور فوکل پرسن حکومت پنجاب برائے بین المذاہب ہم آہنگی سید اسدعباس نقوی نے اس سلسلے میں دربار شاہ شمس ؒپر حاضری دی اور سجادہ نشین مخدوم طارق عباس شمسی سے ملاقات کی اور وحدت کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔
بعد ازاں انہوں نے سجادہ نشین تونسہ شریف خواجہ عطاءاللہ تونسوی، سجادہ نشین غوث پاک نورانی سید غوث العالمین گیلانی ؒ، مہتمم جامعہ احیاء العلوم پھول نگر مفتی محمد ضیاالحسنین سےعلیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں اور انہیں وحدت کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔
اس موقع پر جمعیت علمائے پاکستان نیازی کے مرکزی رہنما ڈاکٹر امجد چشتی ، ایم ڈبلیوایم کے رہنما علامہ قاضی نادر علوی، انجینئر سخاوت علی مہر بھی اسد عباس نقوی کےہمراہ تھے۔