وحدت نیوز(مظفرآباد) مجلس وحدت مسلمین آزادکشمیر کے ریاستی سیکرٹری جنرل علامہ سید تصور نقوی الجوادی، ریاستی کابینہ کے اراکین سید سجاد سبزواری، عنصر نقوی، مولانا طالب حسین ہمدانی اور دیگر نے آٹاو گندم سبسڈی کے خاتمے، اور گندم کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف گلگت بلتستان کے عوام کے احتجاجی دھرنے کی حمایت میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بلتستان ،سکردو، گانچھے میں عوامی ایکشن کمیٹی کا دھرنا نااہل حکومت کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر آزادکشمیر سمیت دنیا بھر میں ایم ڈبلیو ایم کے کارکنان عوامی ایکشن کمیٹی کے مطالبات کی حمایت اور گلگت بلتستان حکومت کے عوام دشمن اقدامات کی مخالفت میں بھرپور احتجاج کریں گے۔گلگت بلتستان کے مظلوم عوام کے مسائل اور حکومت کی جانب سے مسلسل نا انصافیوں اور زیادتیوں پر گلگت بلتستان کے غیور عوام نے مجلس وحدت مسلمین اور عوامی ایکشن کمیٹی کے اشتراک سے آج 15اپریل مکمل پہیہ جام اور احتجاجی دھرنے کی کال دی تاہم گزشتہ شب مہدی شاہ حکومت کی جانب سے دفعہ 144لگانا، مجلس وحدت مسلمین اور عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنماؤ ں کی گرفتاری قابل افسوس قابل تشویش اور قابل مذمت ہے۔ اگر گلگت بلتستان حکومت نے عوامی احتجاج کو روکنے کی ناکام سازش کی تو ملک بھر میں دھرنے ہونگے اور دھرنے اس وقت تک ختم نہ ہونگے جب تک گلگت بلتستان کی کرپٹ حکومت کا خاتمہ نہ ہو جائے۔مجلس وحدت مسلمین پاکستان بھر کے مظلوموں محکوموں اور غریبوں کی آوازہے۔ جس نے ہر دور کے ظالم کے خلاف اعلان جنگ کررکھاہے۔انہوں نے کہا کہ پنے حقوق کی خاطراحتجاج کرناہر شخص کا بنیادی حق ہے جسے کسی قیمت پر سلب نہیں کیا جا سکتا۔ گلگت بلتستان کی حکومت احتجاج سے خوف زدہ ہو کر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔ انہوں نے صدر پاکستان ممنون حسین،وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف ، چیف جسٹس پاکستان، میڈیا اور سول سوسائٹی سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے مظلوم عوام کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے عوامی ایکشن کمیٹی کے مطالبات تسلیم کرکے گلگت بلتستان کی محرومیوں کا ازالہ کریں۔