وحدت نیوز (گلگت) سکردو حلقہ 2 کے عوام کاچو امتیاز کو عبرت کا نشان بنادینگے،کاچو امتیاز کے پاس اسمبلی رکنیت مجلس وحدت کی امانت تھی اور اس امانت میں انہوں نے خیانت کی ہے اور خائنوں کیلئے ہماری جماعت میں کوئی جگہ نہیں۔مجلس وحدت مسلمین باکردار عوام کی جماعت ہے کاچو امتیاز نے اپنا ضمیر بیچ کر مجلس وحدت مسلمین کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے ۔
مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل علامہ نیئر عباس مصطفوی،صوبائی ترجمان محمد الیاس صدیقی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل عارف قنبری، صوبائی سیکرٹری سیاسیات غلام عباس اور دیگر رہنماؤں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا رکن اسمبلی کا چو امتیاز نے پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی اور جماعت کی ساکھ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے اور ایسے لوگوں کیلئے مجلس وحدت میں کوئی جگہ نہیں۔کاچو امتیاز کو شو کاز نوٹس بھجوادیا گیا ہے اور قانونی تقاضے پورے کرکے اسمبلی رکنیت سے ڈی سیٹ کرنے کیلئے سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی کو باضابطہ درخواست جمع کروائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ علامہ راجہ ناصر عباس کی سرپرستی میں انکوائری کمیٹی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے اور ایک ہفتے کے اندر کاچو امتیاز کو کمیٹی کے سامنے پیش ہوکر شو کاز نوٹس کا جواب دینے کا پابند ہے۔انہوں نے کہا کہ کچھ قوتیں کاچو امتیاز کے ذاتی فعل کو بنیاد بناکر مجلس وحدت مسلمین کے بارے میں نفرتیں پھیلانے میں سرگرم عمل ہیں خاص طور پر گلگت اور بلتستان کے درمیان تفریق پیدا کرنے کی گھناؤنی سازش کررہے ہیں لیکن مجلس وحدت باہم متحد ہے اورہمیں سکردو کے غیور عوام پر فخر ہے اور اس قسم کی سازشوں میں ملوث کرداروں کو بے نقاب کرکے رسوائی کا طوق ان کے گلے میں ڈال دینگے۔ایک سوال کے جواب میں ان رہنماؤں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین نے گلگت بلتستان کے عوام کے بنیادی حقوق کی جنگ لڑی ہے اور اس جدوجہد میں کسی سے پیچھے نہیں رہیں گے۔عملی سیاست میں باکردار افراد کی صلاحیتوں سے استفادہ کرتے ہوئے ملک و قوم کی ترقی میں نئی راہیں تلاش کرینگے مجلس کے اہداف واضح اور روشن ہیں اور سرزمین گلگت بلتستان میں مجلس وحدت کا مستقبل روشن و تابناک ہے۔