وحدت نیوز(گلگت) حکومت سیلاب زدگان کو امداد فراہم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے کئی علاقوں میں ابھی تک نقصانات کے تخمینے کیلئے اہلکار ہی نہیں پہنچے ہیں۔نلتر کوٹ محلہ اور ولدن کے مکینوں کے تحفظات دور کرکے واٹر چینل کی مرمت کا کام شروع کیا جائے تاکہ علاقے کو اندھیروں سے نجات مل سکے۔
ترجمان مجلس وحدت مسلمین محمد الیاس صدیقی نے کہا ہے کہ پچھلے 14 دنوں سے پورا علاقہ اندھیروں میں ڈوبا ہوا ہے جبکہ ڈیزل جنریٹرز کے ذریعے حکمرانوں اور بیوروکریٹس کیلئے بجلی فراہم کی جارہی ہے اور غریب عوام بجلی سے محروم ہیں جو کہ حکمرانوں کی عوامی مسائل سے عدم دلچسپی کا ثبوت ہے۔ کوٹ محلہ نلتر اور ولدن کے مکین واٹر چینل اور ٹینک کی زد میں ہیں اور کسی بھی وقت ان علاقوں کے مکین تباہی سے دوچار ہوسکتے ہیں سابق حکومت نے علاقے کے عوام کے خدشات کو محض وعدوں وعید پر ٹرخائے رکھا ۔یہاں کے عوام واٹر بم کے زیر سایہ ہر وقت خوف میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں حالانکہ یہاں کے عوام کے تحفظات پر سابق حکومت نے انہیں محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا وعدہ کیا تھا جو کہ وفا نہ ہوا۔حالیہ بارشوں کے نتیجے میں چینل ٹوٹ چکا ہے اور تاحال یہاں کے مکین خطرات کے پیش نظر گھروں سے بے گھر ہیں اور عوام کے احتجاج پر 18 میگا واٹ کے چینل کا مرمتی کام رکا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ محض اخباری بیانات سے عوام کو ریلیف نہیں مل سکتاحکومت فوری طور پر عوامی تحفظات کو دور کرے اور علاقے کی بجلی بحال کرنے میں اپنی توانائیاں صرف کرے۔مشکل کی اس گھڑی میں عوام کو ریلیف پہنچانے سے زیادہ حکومت کونسل کے الیکشن میں من پسند نتائج کے حصول کیلئے سازشوں میں مصروف عمل ہے۔