وحدت نیوز (گلگت) مجلس وحدت مسلمین کے رکن گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی اور متحدہ اپوزیشن کے مرکزی رہنماڈاکٹرحاجی رضوان علی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ گلگت بلتستان حکومت کی جانب سے سیاسی مخالفین کو انتقام کا نشانہ بنایا گیا تو حالات کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی،نومنتخب حکومت نے اپوزیشن جماعتوں سے وعدہ کیا تھا کہ سیاسی مخالفین کے خلاف کو ئی انتقامی کاروائی عمل میں نہیں لائی جائے گی،صوبائی حکومت نے وعدہ کیا تھا کہ لوڈشیڈنگ پر جلد قابو پا لیا جائے گا لیکن بجلی کی فراہمی میں تسلسل کے ساتھ تعطل باعث تشویش ہے، ن لیگ کی وفاقی حکومت کی طرح گلگت بلتستان حکومت پر عوام کومحض جھوٹے وعدوں پر ٹرخارہی ہے،جو کسی صورت قبول نہیں ، وزیر اعلیٰ حافظ حفیظ الرحمٰن کسی اپوزیشن جماعت کے خلاف انتقامی کاروائی نہیں کریں گے اگر ایسا کیا گیا تو اپوزیشن جماعتیں مضبوط قوت بن کر اسمبلی کے اندر اور باہرحکومتی اقدامات کے خلاف شدید احتجاج کریں گی، ہم محبت ، اخوت اور بھائی چارے کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں ، ہم نہیں چاہتے کہ اپوزیشن برائے اپوزیشن ہو ہم حکومت کےہر اچھے کام کی حمایت اور بر کام کی مخالفت کرتے رہیں گے۔