وحدت نیوز(سکردو) مدینہ منورہ میں روضہ رسول ؐ کے قریب گذشتہ دنوں دہشتگردوں کے حملے، عراق میں امام زادہ سید محمد کے روضے پر حملے، پاکستان میں امجد صابری کی ٹارگٹ کلنگ اور ڈیرہ اسماعیل خان میں ایڈووکیٹ شاہد شیرازی کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف مجلس وحدت مسلمین بلتستان ڈویژن کے زیراہتمام ایک عظیم الشان احتجاجی ریلی امامیہ چوک اسکردو سے نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت مجلس وحدت مسلمین بلتستان کے سیکریٹری جنرل آغا علی رضوی اور دیگر علمائے کرام نے کی۔ احتجاجی ریلی امامیہ چوک سے شروع ہوئی جو کلفٹن پل، بے نظیر چوک، علمدار چوک، حسینی چوک سے ہوتی ہوئی ایک طویل مسافت طے کرتی ہوئی یادگار شہداء دھرنا کیمپ میں پہنچی۔ ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں نے پلے کارڈز اور بینئرز اٹھا رکھے تھے، جن پر دہشتگردی کے خلاف نعرے درج تھے۔ احتجاجی ریلی سے کلفٹن پل پر شیخ غلام حسن عابدی نے خطاب کیا اور دنیا بھر میں جاری دہشتگردی کے واقعات بالخصوص پاکستان میں جاری ٹارگٹ کلنگ کی مذمت کی۔ ریلی علمدار چوک پر پہنچی تو آغا علی رضوی نے شرکاء سے مخاطب ہو کر احتجاجی ریلی کے مقاصد بیان کئے اور ریلی میں اہلسنت برادری کی شرکت پر شکریہ بھی ادا کیا۔ ریلی اپنے مقررہ راستوں سے ہوتی ہوئی یادگار شہداء اسکردو پر پہنچی اور وہاں جلسے کی صورت اختیار کر گئی، جس سے علمائے کرام نے خطاب کیا۔ مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے نکالی گئی ریلی کے نعروں سے اسکردو شہر کی فضاء گونجتی رہی۔