وحدت نیوز(گلگت ) شہزادی کونین حضرت فاطمۃ الزہرا ؑ اور جنت البقیع میں مسمار شدہ قبور ازواج مطہرات،صحابہ کرام کی از سر نو تعمیر کی جائے۔جنت البقیع اور جنت المعلیٰ کے مزارات کو مسمار کرکے نجدی حکمرانوں نے عالم اسلام کے مذہبی جذبات کو مجروح کردیا ہے۔
مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل علامہ نیئر عباس مصطفوی نے یوم انہدام جنت البقیع کے موقع پر احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مزارات مقدسہ کو مسمار کرنے کا نجدی حکمرانوں کی کارستانی تاریخ اسلام کا سیاہ ترین باب ہے ۔آل سعود نے اس گھناؤنے جرم کا ارتکاب کرکے عالم اسلام کو رنجیدہ کیا ہے۔جنت البقیع اور جنت المعلیٰ کے مزارات مقدسہ جس میں اہل بیت اطہار علیہم السلام، امہات المومنین اور صحابہ کرام رضوان اللہ تعالیٰ علیہم مدفن ہیں تمام عالم اسلام کیلئے متبرک و مقدس ہیں جن کی تعظیم امت مسلمہ پر واجب ہے۔سعودی حکمران استعمارکے نمائندوں کو خوش کرنے کیلئے شعائر اسلام کی توہین کے مرتکب ہورہے ہیں۔صیہونی ریاست جو ایک طرف فلسطین پر ناجائز قبضہ جمائے بیٹھی ہے اور دوسری طرف سعودی حکمران یہودیوں سے مراسم بڑھارہے ہیں ۔یہ وہی سعودی حکمران ہیں جو صیہونی ریاست کے ایجنڈے کو تکمیل تک پہنچانے کیلئے سرگرم عمل ہیں اور شام اور عراق میں داعش سعودی پشت پناہی پر بے گناہ انسانوں کا خون بہارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خود کو حرمین شریفین کا خادم کہلوانے والوں کی جنت البقیع میں مزارات مقدسہ کی مسماری پر خاموش سے اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ سعودی حکمرانوں اور صیہونی ریاست کا آپس میں گٹھ جوڑ ہے۔اسلام کو بدنام کرنے والی داعش کا طرز عمل بھی ثابت کرتا ہے کہ ان کا تعلق بھی اسی سعودی خاندان سے ہے جنہوں نے جنت البقیع کے مزارات کو منہدم کیاہے۔
احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے رہنما قاری ولایت علی نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ مسلمانان عالم و آل سعود کی اصلیت کو پہچانیں اور مسلک و فرقے سے بالاتر ہوکر دشمنان اسلام سے مقابلے کیلئے صف بندی کریں۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے رہنما ڈاکٹر علی محمد نے کہا کہ سیدہ فاطمۃ الزہرا ؑ کے مزار کو از سر نو تعمیر کرنے کیلئے حکومت پاکستان سعودی حکمرانوں پر دباؤ ڈالے۔انہوں نے کہا کہ جنت البقیع کو اپنی اصلی حالت میں لانے کیلئے تمام اسلامی ممالک اپنا کردار ادا کریں۔
مجلس وحدت مسلمین کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل عارف حسین قنبری نے کہا کہ بے حس حکمرانوں کی دانستہ چشم پوشی سے ملک بھر میں دہشت گرد دندناتے پھر رہے ہیں اور آئے روز ملک کے کسی نہ کسی کونے میں علماء و دانشور حضرات کا خون بہایا جارہا ہے۔احتجاجی مظاہرین سے قائد ووحدت علامہ ناصر عباس جعفری کی دو مہینوں سے جاری بھوک ہڑتال کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے ان کے مطالبات کو جائز قرار دیا ۔یوم انہدام جنت البقیع کی مناسبت سے مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے احتجاجی ریلی کا آغاز وحدت ہاؤس سے ہوا ،جو بینظیر چوک سے ہوے ہوئے شہید کیپٹن ضمیر عباس چوک پر پہنچی جہاں قائدین نے احتجاجی مظاہرین سے خطاب کیا۔