وحدت نیوز(بلتستان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن نے ہفتے کے روز بلتستان میں موجود تمام مکاتب فکر کا ایک اہم اجلاس طلب کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں مکتبِ اہلسنت والجماعت کے علماء و عمائدین، مکتبِ اہلحدیث کے علماء و عمائدین، مکتبِ صوفیہ نوربخشیہ کے علماء وعمائدین، مکتب امامیہ نوربخشیہ کے علماء و عمائدین، مکتبِ شیعہ شش امامیہ اسماعیلیہ کے علماء و عمائدین کے علاوہ شیعہ علماء کونسل بلتستان کے صدر، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان بلتستان ڈویژن کے صدر، تحریک بیداری امت مصطفٰی کے مسئولین اور امامیہ آرگنائزیشن کے چئیرمین شرکت کریں گے۔ مجلس وحدت کی جانب سے بلائی جانے والی اس اہم نشست میں تمام مکاتبِ فکر باہمی گفت و شنید اور مشاورت سے ہفتہ وحدت کے حوالے سے پروگرام تشکیل دیں گے۔ تمام مکاتب فکر کا اس طرح کا پروگرام دین مبین اسلام کی سربلندی اور مملکت خداداد اسلامی جمہوریہ پاکستان کے استحکام اور بلتستان میں امن و امان، مذہبی رواداری اور بھائی چارگی کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا۔