وحدت نیوز (گلگت) عوامی ایکشن کمیٹی کے متعلق حفیظ الرحمن کا بیان آمرانہ سوچ کی عکاسی ہے ،ایکشن کمیٹی گلگت بلتستان کے عوام کا نمائندہ فورم ہے جس میں تمام سیاسی جماعتوں کی نمائندگی ہے۔مسلم لیگ ن کے مینڈیٹ کے بارے میں علاقے کے عوام بخوبی آگاہ ہیں کہ اس مینڈیٹ کی حقیقت کیا ہے۔
مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے سیکریٹری جنرل علامہ شیخ نیئرعباس مصطفویٰ نے کہا کہ اقتصادی راہداری سمیت گلگت بلتستان کے استحصال کے لئے بعض قوتوں نے گلگت بلتستان میں نواز لیگ کو مسلط کیا ہے۔ موجودہ حکومت کے اقدامات کے خلاف قلیل مدت میں تین بار گلگت بلتستان میں مکمل شٹر داؤن اور پہیہ جام کیا گیااور 18 مارچ کوسکردو ایکشن کمیٹی کی اپیل پر سکردو اور گلگت میں تاریخی جلسے کرکے حکومت کی عوام دشمن پالیسی کے خلاف عدم اعتماد کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت چرائی ہوئی مینڈیٹ پر تکبر کرکے عوام کو ان کے جائز مطالبات سے نہیں روک سکتی ہے۔ وزیر اعلیٰ حفیظ الرحمن نے سیکرٹری ورکس کرنل فضل کے خلاف 30 افراد پر مشتمل خزانہ روڈ پر دھرنا دیکر اپنی فتح سمجھتا تھا جبکہ آج ہزاروں لوگ ان کی حکومت کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے ہیں جس سے وہ بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کو چاہئے کہ وہ تنقید برداشت کرنے کا مادہ پیدا کرے یہ کوئی جنگل نہیں کہ طاقت کے زور پر حکومت کرے۔حکومت خالصہ سرکار کے نام پر عوامی زمینوں پر قبضوں کا سلسلہ فوری بند کرے اور سکردو روڈ کی تعمیر کو یقینی بنائے ورنہ گو نواز گو اور گو حفیظ الرحمن گو کی گونج گلگت بلتستان کے چپے چپے سے اٹھے گی اور وہ دن حکومت کے خاتمے کا دن ہوگا۔