وحدت نیوز(گلگت) گلگت بلتستان اسمبلی کے الیکشن چرانے کیلئے مسلم لیگ نے سیاسی رشوتوں کا بازار گرم کیا ہے، سیاسی پارٹیوں کے مزے لینے والی ماروی میمن کے جھوٹے وعدوں کی کوئی اہمیت نہیں۔گلگت بلتستان کے عوام ضمیر فروش نہیں ، پیسوں کے عوض ان کی وفاداری کو خریدا نہیں جاسکتا۔بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت وظیفوں کو دوگنا کرنے کا محترمہ کا وعدہ پری پول رگنگ کے زمرے میں آتا ہے ۔ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے سیکریٹری سیاسیات غلام عباس نے اپنے ایک بیان میں کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نواز لیگ کی حکومت کو دو سال کا عرصہ پورا ہونے کو ہے انہیں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت وظائف کو دوگنا کرنے کا خیال گلگت بلتستان اسمبلی الیکشن کے وقت یاد آگیا جو صرف اور صرف الیکشن کو ہائی جیک کرنے کی سازش ہے۔نواز لیگ کی گلگت بلتستان کے عوام سے بدنیتی کسی سے پوشیدہ نہیں ،جب بھی نواز لیگ برسراقتدار آئی ہے گلگت بلتستان کے عوام کے حقوق غصب کئے گئے ہیں۔ انہیں صرف اپنے اقتدار سے غرض ہے عوام سے کوئی غرض نہیں،برجیس طاہر کی بطور گورنر گلگت بلتستان تعیناتی سے صاف واضح ہوگیا ہے کہ ان کی نظر میں گلگت بلتستان میں کوئی شخص اس عہدے کا اہل نہیں ۔پاکستان کے عوام کو لوڈشیڈنگ سے نجات دلانے کے جھوٹے وعدوں اور نعروں سے برسر اقتدار آنے والی جماعت سے کیا توقع کی جاسکتی ہے کہ وہ گلگت بلتستان کے عوام کے ساتھ کئے گئے وعدوں کو وفا کرسکے۔انہوں نے کہا کہ نواز لیگ گلگت بلتستان کو پاکستان کا حصہ سمجھنے سے انکاری ہے اور علاقے کو متنازعہ بناکر آئینی حقوق سے محروم رکھنے کا جواز تلاش کررہے ہیں ۔