وحدت نیوز (اسکردو) شام میں حضرت سیدہ زینب (س) کے روضہ اقدس پر تکفیری دہشت گردوں کے حملوں کے خلاف بلتستان کی مختلف تنظیموں کی جانب سے معروف عالم دین علامہ آغا علی رضوی کی قیادت میں ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ احتجاجی ریلی کا انعقاد کلفٹن پل اسکردو سے یادگار شہداء اسکردو تک کیا گیا۔ ریلی میں تحریک بیداری امت مصطفی کے جوانوں کے علاوہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان بلتستان ڈویژن اور انجمن تحفظ حقوق بلتستان کے رہنماوں اور کارکنوں نے شرکت کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جس پر آل سعود اور تکفیریوں کے خلاف نعرے درج تھے۔ مظاہرین سے راجہ ذکریہ حسین کے علاوہ فدا حسین اور سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم بلتستان آغا علی رضوی نے خطاب کیا۔
مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ روضہ بی بی زینب س پہ حملہ یزید وقت کی کارستانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شام میں ظالم باغیوں اور تکفیریوں کی معاونت کے لئے پاکستان سے بڑی تعداد میں افرادی قوت کا جانا اور اس پر حکومتی خاموشی لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت امریکہ و اسرائیل کے اشارے پر شام میں دہشتگردوں کے ساتھ شمولیت اختیار کرنے والے دہشت گردوں کے راستے مسدود کریں۔ علامہ آغا علی رضوی نے کہا کہ اتوار کی شام کو بی بی کے روضے پر حملہ کے خلاف ایک عظیم الشان احتجاجی ریلی جامع مسجد اسکردو سے نکالی جائیگی۔