وحدت نیوز(بلتستان) نئی حکومت بھی عوام کو ریلیف دینے میں مکمل ناکام ہے، ان کی پالیسیاں عوام دوست نہیں، ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے دعوے کھوکھلے نظر آ رہے ہیں، کشکول گدائی توڑنے کی باتیں عوام کے ساتھ دھوکہ ثابت ہوا۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے سیکرٹری جنرل علامہ آغا علی رضوی نے تنظیمی کارکنان سے گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز پاکستان کو بحرانوں سے نکالنے کی صلاحیت موجودہ حکومت میں نظر نہیں آتی، حکومت اپنے اوائل میں ہی ناکامی کا شکار ہے اور حکومت مکمل طور پر یا تو کنفیوژن کا شکار ہے یامکمل بیرونی پالیسیوں کے مطیع ہے جس کے نتیجہ میں ملک مزید عدم استحکام کے راہ پر گامزن ہو سکتا ہے۔ آغا علی رضوی نے کہا کہ موجودہ حکومت جن حکومتوں کو نجات دہندہ سمجھ کے ان کے در پر حاضریاں دے رہی ہیں وہ سارے پاکستان کے ساتھ مخلص نہیں، بالخصوص پاکستان کو بحرانوں میں ڈالنے والا ملک امریکہ ہے لیکن غلطیوں پہ غلطیاں کرنا حکومت کا وطیرہ چلا آ رہا ہے۔ وہ امریکہ جس نے 67سالوں سے پاکستان کے اندر خانہ جنگی کی کیفیت پیدا کرنے، قرضوں کے بوجھ تلے ملکی معیشت کو تباہ کرنے اور اپنی جنگیں پاکستان سے لڑوانے کے علاوہ کچھ نہیں کیا اس حکومت سے مزید خیر کی توقع عبث ہے۔ حکومت کو اب بھی دوست اور دشمن کی شناخت کر کے ملکی خارجی پالیسی میں بڑی سطح پر تبدیلی لانے کی ضرورت ہے۔ موجودہ امریکہ نواز خارجہ پالیسی سے ملک کو بحرانوں سے نکالنا ممکن نہیں۔