وحدت نیوز(گلگت ) 18 میگا واٹ پاور پروجیکٹ کے چینل کا بار بار پھٹ جانا ناقص منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے۔موسمی حالات کے پیش نظر چینل کو تعمیر کیا جاتا عوامی املاک کو نقصان پہنچنے کاخدشہ کم ہوجاتا۔گزشتہ رات چینل کے پھٹنے سے مقامی آبادی کے املاک کو شدید نقصان پہنچ چکا ہے۔حکومت سنجیدگی کا مظاہر ہ کرے اور چینل کو مضبوط بناکر عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنائے۔ مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے سیکریٹری سیاسیات غلام عباس نے گزشتہ رات چینل ٹوٹنے سے پہنچنے والے نقصانات کا معائنہ کیا اور اس موقع پر عمائدین نلتر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے ایک طرف 18 میگا واٹ سے بجلی کی بار بار معطلی سے بدترین لوڈ شیڈنگ نے زندگی اجیرن بنادی ہے تو دوسری طرف نلتر پائین کے سو کے قریب گھرانے خوف کے سائے میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔چینل کے بار بار ٹوٹنے سے عوامی املاک کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے اور اگر چینل کے ٹوٹنے کا یہی سلسلہ جاری رہا تو انسانی جانوں کے ضیاع ہونے کا اندیشہ ہے۔
انہوں نے حکومت کو متنبہ کیا کہ واٹر چینل کو مضبوط بنایا جائے قبل اس کے کہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آئے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی ناقص منصوبہ بندی سے میگا پراجیکٹس قدرتی آفات کی زد میں ہیں ،شدید بارشوںکے دوران تودے گرنا معمول کا حصہ ہے حکومت تمام منصوبوں کا ازسرنو جائزہ لیکر عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنائے۔