وحدت نیوز(اسلام آباد)یکم نومبر یوم آزادی گلگت بلتستان کے موقع پر کونسل سیکریٹریٹ اسلام آباد میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممبران گلگت بلتستان کونسل ایوب شاہ،شیخ احمد علی نوری ،سید شبیہ الحسنین ،عبد الرحمن،اقبال نصیر اور حشمت اللہ نے کہا کہ یکم نومبر شہداء اور غازیوں کو سلام جنہوں نے آزادی کیلئے قربانیاں پیش کی،ہم زندہ قوموں کی طرح اپنے محسنوں کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔بزرگوں کی قربانیوں کے باعث آج گلگت بلتستان کے عوام آزاد فضاؤں میں سانس لے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آزادی کے حقیقی معنوں کو سمجھنا ہوگا۔ اس عظیم دن کے موقع پر یہ عہد کرنا ہوگا کہ گلگت بلتستان میں جاری امن وامان کو قائم و دائم رکھنے اور گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی کے سفر کو جاری و ساری رکھنے کیلئے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ آزادی کی قدرو قیمت کا اندازہ ان قوموں کی تکالیف و اضطراب سے لگایا جاسکتا ہے،جنھیں یہ نعمت حاصل نہیں۔لہٰذا ہماری ذمہ داری ہے کہ اس حاصل شدہ نعمت کی قدر کرے اور اس کی مضبوطی واستحکام کے لیے اپنا فریضہ احسن طریقے سے نبھائیں۔اس عظیم دن کے موقع پر شہداء اور غازیوں کو خراج عقیدت و سلام پیش کرتے ہیں۔