وحدت نیوز(سکردو) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان جناب بیرسٹر خالد خورشید خان اپنے پہلے 4 روزہ دورے پر سکردو پہنچ گئے، ایئرپورٹ پر مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے رہنما اور صوبائی وزیر زراعت کاظم میثم سمیت وزیر سیاحت راجہ ناصرعلی خان اور دیگر اعلیٰ حکومتی شخصیات او رحکام نے ان کا استقبال کیا ۔
وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کی آمد پر مجلس وحدت مسلمین ضلع سکردو کی جانب سے پرتپاک استقبال کیا گیا، مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان شیخ احمد علی نوری اور سیکرٹری سیاسیات مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان راجہ ولایت علیخان نے استقبالیہ کیمپ آمد پر ان کا خیر مقدم کیا، اس موقع پر صوبائی وزیر زراعت کاظم میثم بھی موجود تھے ۔
قبل ازیں وزیر اعلیٰ نے کاظم میثم اور صوبائی وزیر جنگلات راجہ زکریا مقپون کے ہمراہ قومی ہیرو علی سدپارہ کے گھر جاکر فاتحہ خوانی اور ان کے خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کیاعلی سدپارہ کے لئے دعا کی اورانکی ملک و قوم کیلئے جان کی قربانی کو سنہری الفاظ میں سراہا ۔
اس موقع پر انہوں نے ساجد سدپارہ کے لئے محکمہ سیاحت میں باوقار ملازمت کا لیٹر جاری کیاجو کہ وزیر زراعت کاظم میثم اور وزیر جنگلات راجہ زکریا نے انہیں پیش کیا،صوبائی حکومت کی جانب سے علی سدپارا کے خاندان کے مالی معاونت کے لئے چیک بھی پیش کیا گیا۔