وحدت نیوز(سکردو) سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان آغا علی رضوی نے پاکستان تحریک انصاف جی بی کے صدر جسٹس ریٹائرڈ سید جعفر شاہ کے سانحہ ارتحال پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ سید جعفر شاہ کے سانحہ ارتحال پر دلی صدمہ پہنچا،سید جعفر شاہ گلگت بلتستان کی مضبوط ترین آواز تھی،انکی سماجی اور سیاسی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ انکی رحلت سے جو خلا پیدا ہوا اسے پر نہیں کیا جاسکتا۔ گلگت بلتستان کے حقوق کے لئے انکی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس دکھ کے موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان اور لواحقین کی خدمت میں تسلیت عرض کرتے ہیں۔ غم کی اس گھڑی میں گلگت بلتستان کے عوام لواحقین کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں،سید جعفر شاہ انتہائی نیک، متدین، جرأت مند، با اصول اور اعلیٰ اوصاف کے مالک تھے۔خداوند کریم سے دعا ہے مرحوم کی مغفرت کرے، انکے درجات کو بلند اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔