وحدت نیوز(گلتری) سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان آغا علی رضوی اور سینئر رہنما مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان امیدوار حلقہ دو سکردو کاظم میثم نے وفد کے ہمراہ آج گلتری کالونی آستانہ کے عمائدین کی خصوصی دعوت پر دورہ کیا جہاں علماء، جوانان، عمائدین اور بزرگان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
پروگرام میں عمائدین نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین ہمارا پہلا اور آخری انتخاب ہے اور آغا علی رضوی کی قیادت پر مکمل اعتماد کرتے ہیں اور آئندہ انتخابات میں مجلس وحدت مسلمین کا بھر پور ساتھ دینے کو تیار ہیں۔ اس موقع پر آغا علی رضوی صاحب نے عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین محروموں اور مظلوموں کی جماعت ہے اور عوامی جدوجہد ہر صورت میں جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہاکہ ہماری سیاست کا مقصد حصول اقتدار نہیں ہے بلکہ حصول حقوق، میرٹ کی بالادستی، کرپشن کا خاتمہ، ملکی خوشحالی، تعلیم و صحت کی سہولتوں کی فراہمی ہے۔اس موقع پر امیدوار حلقہ دو سکردو کاظم میثم، ضلعی سیکریٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم شیخ فدا ذیشان نے بھی عمائدین سے خطاب کیا۔