وحدت نیوز (سکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے سربراہ آغا علی رضوی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ نئے سال کو خوشحال سال قرار دینے کے لیے تمام ریاستی اداروں کو بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مقننہ، عدلیہ، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور عوام مل کر جدوجہد کرے اور اپنے اپنے دائرے میں مثبت کردار ادا کرے تو پاکستان ہر طرح کے مسائل سے نکل سکتا ہے۔ آغا علی رضوی نے کہا کہ وطن عزیز ترقی، استحکام اور پیشرفت کی طرف گامزن ہے۔ اس کی خارجہ پالیسی اور داخلہ پالیسی آزاد و خودمختار اور نظریہ پاکستان کے تحت ترتیب دی جائے تو دنیا کی کوئی طاقت اس ملک کو نقصان نہیں پہنچا سکتی۔ تبدیلی والے پاکستان میں گلگت بلتستان کے عوام کی نظریں بھی عدالت اور موجودہ حکومت پر ہے۔ ستر سالوں سے یہاں کے عوام آئینی حقوق سے محروم ہیں۔ گلگت بلتستان کو عوامی امنگوں کے مطابق حقوق دئیے جائیں۔ گلگت بلتستان کی ترقی و استحکام پاکستان کی ترقی و استحکام کا ضامن ہے۔ یہاں کے وسائل سے پورے ملک کا معاشی بحران ختم ہوسکتا ہے، لیکن اس خطے پر توجہ نہ ہونے کی وجہ سے یہاں کے عوام نہایت کسمپرسی میں زندگی گزار رہے ہیں۔ موجودہ حکومت سے عوام کی بڑی توقعات ہیں انہیں چاہیے کہ عوامی مسائل کے حل اور خطے کو محرومی سے نکالنے کے لیے کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کو حقوق دلانے اور محرومیوں سے نکالنے کیلئے جی بی اسمبلی سمیت کوئی بھی آگے بڑھے ہم انکے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے۔