وحدت نیوز (گلگت) بارگو پائین کا ہر گھر سیلاب سے متاثر ہوا ہے، روڈ کھنڈرات کا منظر پیش کررہے ہیں ۔بارگو کے عوام اپنی مدد آپ کے تحت روڈ پر کام کررہے ہیںاور متعلقہ ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔حکومت نقصانات کا معاوضہ دیکر غریب عوام کی دلجوئی کرے۔
مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ترجمان محمد الیاس صدیقی نے گزشتہ روز بارگوپائین کا دورہ کرکے سیلاب سے متاثرہ عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات سے بارگو پائین کے عوام کو مالی طور پر سخت نقصانات پہنچ چکے ہیں اور غریب عوام کا سال بھر کا روزگار کا واحد ذریعہ کھیتی باڑی ہے جو کہ بری طرح متاثر ہوچکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک ہفتہ گزرچکا ہے اور تاحال نہ تو رابطہ سڑک کو بحال کیا گیا ہے اور نہ ہی واٹر سپلائی کو۔پانی انسانی زندگی کی اہم ترین ضرورت ہے جس کے حصول کیلئے سیلاب زدہ علاقے کے عوام کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ سیلابی پانی گھروں میں داخل ہونے سے کئی خاندان بے گھر ہوچکے ہیں اور محکمہ ڈیزاسٹر کا صرف جائزہ لینے کی حد تک دورہ ناکافی ہے جبکہ سال 2015 مین بارگو بالا کے سیلاب متاثرین بھی ابھی تک امداد کے منتظر ہیں اور فنڈ ز کا رونا روکر معاوضہ ادا نہیں کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب کی زد میں آنے والوں کیلئے اب تک حکومت جامع منصوبہ نہیں دے سکی ہے صرف زبانی طفل تسلیوں سے زخموں پر مرہم لگانے کی کوشش ہے۔انہوں نے چیف سیکرٹری سے اپیل کی کہ وہ ان متاثرین کے نقصانات کے ازالے کو یقینی بنانے کیلئے نوٹس لیں۔