وحدت نیوز(سکردو) اسکردو گول میں یوم ولادت امام علیؑ کو منفرد انداز میں منایا گیا۔ تفصیلات کے مطابق جشن مولود کعبہ کے مسرت موقع پر گلگت بلتستان کی تاریخ کا سب سے بڑا کیک امام بارگاہ گول اسکردو میں کاٹا گیا۔ ذرائع کے مطابق ڈھائی سو پونڈ کے اس کیک کی لمبائی 16 فٹ اور چوڑائی 6 فٹ تھی۔ اس کیک کی تیاری کے لئے ماہرین کی ایک ٹیم اسکردو سے خصوصی طورپر بلائی گئی تھی۔ کیک کی تیاری پر ساٹھ ہزار روپے سے زائد کا خرچہ آیا۔ گلگت بلتستان کی تاریخ میں اس سے بڑا کیک کبھی تیار نہیں کیا گیا تھا۔ مہمانوں، شرکاء اور ارباب ذوق نے اس کاوش کو سراہا۔ بلتستان کے نامور عالم دین آغا علی رضوی کو اس پروگرام میں خصوصی طور پر شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔ انہوں نے نعروں اور صلوات کی گونج میں کیک کاٹا تو عجیب سماں بندھ گیا۔ یہ روح پرور مناظر دیکھنے کے لائق تھے۔ اس کیک کو سینکڑوں شرکاء محفل میں تقسیم کیے گئے۔ اس محفل میں حجت الاسلام سید محمد علی شاہ امام جمعہ و میر واعظ گول، نامور عالم دین حجت الاسلام شیخ اعجاز بہشتی، حجت الاسلام شیخ احمد نوری اور شیخ محمد ابراہیم ارشادی شریک تھے۔