وحدت نیوز (سکردو) مجلس وحدت مسلمین سکردو سٹی کے سربراہ مولانا فدا علی ذیشان نے اپنے اخباری بیا ن میں کہا کہ حکومتی کارکردگی کا پول حالیہ برفباری نے کھول دی ہے۔سکردو بازار قبرستان کا منظر پیش کررہی ہے اور کئی دن گزرنے کے باوجود بازار سے لوگوں کا گزرنا مشکل ہے۔ اس سلسلے میں اب تک کسی ذمہ دار ادارے نے خاطر خواہ کام نہیں کیاجبکہ منتخب عوامی نمائندے شہروں میں عیاشیاں کرتے پھر رہے ہیں۔انہیں عوام کی کوئی پرواہ نہیں۔عوام حکومتی اداروں کی غفلت سے تنگ آچکے ہیں اور انکی نا لائقیوں سے نالاں ہیں۔ کئی جگہوں پر معلق پلوں کا ایک فٹ برف بھی برداشت نہ کر پانا جہاں محکمہ تعمیرات کے ذمہ داروں کی نا اہلی کو ثابت کرتی ہے وہیں ٹھیکیدار نواز حکمرانوں کی کرپشن کو بھی بے نقاب کررہی ہے۔ عوام کو چاہئے کہ جن لوگوں کو ووٹ دیکر ایوانوں میں پہنچائے ہیں ان کا گریبان پکڑیں ۔ یہ لوگ موسمی پرندوں کی طرح شہروں میں عیاشیاں کررہے ہیں اور عوام جان لیوا سردی میں بے آسرا ہیں۔ ڈپٹی جنرل سکریٹری ایم ڈبلیو ایم سکردو مولانا ذوالفقار عزیزی نے کہا کہ حکمرانوں کو خدائی قہر سے ڈرنا چاہئے۔ کرپشن کے گنگا میں نہانے والوں کویاد رکھنا چاہئے کہ انکی حکمرانی چند دنوں کی ہے بہت کم عرصہ میں انہوں نے عوام میں واپس آنا ہے۔ ایسا نہ ہو کہ پھر عوام انکو کرپٹ ، عیاش اور لاپرواہ حکمرانوں کے نام سے یاد کریں۔