وحدت نیوز (گلگت) آغا ضیاء الدین شہید کیس میں ملوث مولوی ندیم کی گرفتاری پولیس اور اداروں کی بہت بڑی کامیابی ہے۔کیس کی باریک بینی سے تفتیش کرکے آغا ضیاء الدین شہید کے قتل میں ملوث مقامی لوگوں اور سہولت کاروں کو بھی گرفتار کیا جائے۔
مجلس وحدت مسلمین کے رہنماغلام عباس نے کہا ہے کہ شہید ضیاء الدین قتل کیس گرفتار مولوی ندیم کی تفتیش ا چھی شہرت کے پولیس آفیسران کے حوالے کیا جائے اور اس ہائی پروفائل قتل کیس کی تحقیقات میں کسی کوتاہی کا مظاہرہ نہیں کیا جانا چاہئے۔بد قسمتی سے اب تک اس قتل کیس میں ملوث حقیقی قاتلوں اور ان کے سہولت کاروں کاپتہ نہیں چلایا جاسکا جو کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دیدہ و دانستہ چشم پوشی ہے۔انہوں نے کہا کہ گرفتار ملزم کی تفتیش سے اس قتل کیس کے پس پردہ حقائق کا پتہ چلایا جاسکتا ہے اور گلگت بلتستان کے امن کے خلاف سازش کرنے والے نیٹ ورک کا قلع قمع کیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کیس کے ایک اہم مجرم کو جیل سے فرار کروایا گیا اور اس کو فرار کروانے میں ان اہلکاروں کا ہاتھ تھا جو دہشت گردوں کے لئے نرم گوشہ رکھتے تھے۔گرفتارملزم کی تفتیش میں اچھی شہرت کے حامل آفیسران کی تعیناتی ہے جو اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو استعمال کرکے کیس کے اصل حقائق کو سامنے لاسکتے ہیں اور اگر ایسے عناصر کے ساتھ تفتیش کروائی گئی جو دہشت گردوں کیلئے نرم گوشہ رکھتے ہیں تو اس طرح کی محض گرفتاریوں سے کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوگا۔