وحدت نیوز(گلگت) ریسکیو 1122 کے ڈائریکٹر جنرل کی ملازمت میں توسیع خلاف قانون اقدام ہے۔اپنے من پسند افراد کے ذریعے سیاسی مفاد حاصل کرنے کی نواز لیگ کی کوشش قابل مذمت ہے۔چیف سیکرٹری خلاف ضابطہ مدت ملازمت میں توسیع کا نوٹس لیں۔
مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ترجمان محمد الیاس صدیقی نے کہا ہے کہ ریسکیو1122 کے ڈائریکٹر جنرل حکومت کے لاڈلے بن چکے ہیں جن کو تیسری مرتبہ خلاف قانون توسیع دے کر انصاف کا قتل عام کیا گیا ہے۔سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں کسی بھی ملازم کو دوبار سے زیادہ ایکسٹنشن نہیں دی جاسکتی ہے جبکہ ریسکیو 1122 کے ڈائریکٹر جنرل کو تیسری بار ایکسٹنشن دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ موصوف کوتین بار ایکسٹنشن دینے کے بعد چوتھی مرتبہ مدت ملازمت میں توسیع کی کوشش کی جارہی ہے اور اس وقت موصوف مدت ملازمت ختم ہونے کے باوجود غیر قانونی طور پر اپنے عہدے پر کام کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قانون سب کیلئے برابر ہے جبکہ من پسند افراد کیلئے قانون کو توڑنا کوئی جرم نہیں ہوتااور حکومت کی اس اندھیر نگری پر کوئی پوچھنے والا نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان کے دیگر اضلاع میں ریسکیو1122 میں پوسٹس پر تقرریاں ہونے والی ہیں اس لئے حکومت موصوف کے ذریعے اپنے من پسند افراد کو کھپانے کا پروگرام بنارہی ہے۔میرٹ کو پامال کرنا نواز لیگ کا من پسند مشغلہ ہے اورجس کسی بھی ادارے میں میرٹ کو فالو کیا جاتا ہے وہاں حکومتی مشینری حرکت میں آکر تقرریوں کو رکوادیتی ہے۔انہوں نے اعلیٰ حکام سے اس بابت نوٹس لینے کی اپیل کی ہے بصورت دیگر اس بے ضابطگی کے خلاف عدالت عالیہ سے رجوع کیا جائے گا۔