گلگت بلتستان الیکشن، انتظامیہ قبل از انتخابات دھاندلی روکنے میں ناکام ہوچکی ہے، علامہ امین شہیدی

04 جون 2015

وحدت نیوز (سکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی نے اسکردو میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں وفاقی حکومت عوامی مینڈیٹ کو چرانا چاہتی ہے۔ جی بی کے انتخابات میں دھاندلی کے تمام تر لوازمات مہیا کر رکھے ہیں۔ گلگت بلتستان میں نگران حکومت کا قیام، الیکشن کمشنر کی تقرری، وزیراعظم کے اعلانات، گورنر گلگت بلتستان کی تعیناتی اور ان دنوں گورنر کے پے در پے بلتستان میں دورہ جات اور اعلانات قبل از انتخابات دھاندلی کا پیش خیمہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی حکومت کے پاس اختیار ہے، اگر نواز شریف چاہیں تو گلگت بلتستان کو آئینی حقوق دے سکتے ہیں، پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلا کر جی بی کے مستقبل کا فیصلہ کرسکتے ہیں اور 67 سالہ محرومیوں کا ازالہ ممکن ہے، لیکن نواز حکومت اس حوالے سے بالکل مخلص نہیں۔ نواز حکومت کی گلگت بلتستان کیساتھ ہمدردی کا سلسلہ 8 جون تک محدود ہے، اس کے بعد وہ تمام وفاقی سیاسی جماعتیں جنہوں نے گلگت بلتستان کو آئینی حقوق سے محروم رکھا ہے، موسمی پرندے کی طرح غائب ہو جائیں گے اور مڑ کر نہیں پوچھیں گے، لیکن مجلس وحدت مسلمین واحد جماعت ہے جو ہر حال میں عوام کے درمیان رہنے والی جماعت ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ تمام قوتیں جو اس خطے کو حقوق سے محروم رکھنے کی ذمہ دار ہیں، انکا یہ عمل خیانت ہے اور گلگت بلتستان کو حقوق سے محروم رکھنا پاکستان دشمنی کے سوا کچھ نہیں، کیونکہ جتنا محب وطن گلگت بلتستان کے عوام ہیں، ملک میں کہیں نہیں، اس خطے کے عوام نے پاکستان کو سب کچھ دیا اور پاکستان سے کچھ بھی نہیں لیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم گلگت بلتستان میں انتخابات اہلیت اور کارکردگی کی بنیاد پر لڑیں گے، مذہب کے نام پر ووٹ بٹورنا درست نہیں سمجھتے۔ ہم مذہب کو سیاست کے لئے استعمال کرنے کے مخالف ہیں اور اہلیت اور معیارات کی بنیاد پر انتخابات میں حصہ لیں گے۔ مجلس وحدت مسلمین نے گلگت بلتستان انتخابات میں شمولیت کارکردگی کی بنیاد پر اختیار کی ہے اور مجلس وحدت ہی عوامی درد کا مداوا کرسکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان کے انتخابات کے سلسلے جس سطح پر قبل از انتخابات دھاندلی ہوئی ہے اسی طرح دوران انتخابات دھاندلی کی تیاریاں مکمل ہیں۔ علامہ امین شہیدی نے کہا کہ گلگت بلتستان میں انتخابات فوج کی نگرانی میں کرانے کا فیصلہ خوش آئند ہے، ہم اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ انتخابات مکمل طور پر فوج کی نگرانی میں ہوں، تاکہ وفاقی حکومت کو دھاندلی کرنے کا موقع نہ ملے۔ اگر دھاندلی کے بین شواہد سامنے آگئے تو دھاندلی شدہ انتخابات کے نتائج کو قبول نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جی بی انتخابات کے نتائج میں اعلان بھی بلاتاخیر ہونا چاہیے، اگر نتائج کے اعلان میں تاخیر کی گئی تو ہم خاموش نہیں رہیں گے۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree