نبی اکرام (ص) کی ذات اقدس عالم کیلئے نکتہ اتحاد اور سیرت پر عمل کامیابی کا ضامن ہے، آغا علی رضوی

12 جنوری 2015

وحدت نیوز (اسکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے سیکرٹری جنرل علامہ آغا علی رضوی نے یوم ولادت رسول اکرم (ص) کی مناسبت سے مرکزی امامیہ جامع مسجد اسکردو میں منعقدہ جشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور نبی پاک ختم المرسل (ص) دونوں جہانوں میں رحمت بن کر آئے۔ انہوں نے مدینہ منورہ میں اسلامی حکومت کا قیام عمل میں لاکر الہٰی احکامات کو نافذ کیا۔ صدر اسلام سے ہی حضور اکرم (ص) نے ظالموں کا گھیرا تنگ کر دیا اور جہالت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا۔ تمام رزائل اخلاق کے خلاف نبی پاک (ص) نے عملی اقدام کیا۔ انہوں نے جہالت، ظلم، ناانصافی، خیانت، رشوت ستانی اور دیگر تمام اخلاقی، سماجی و معاشرتی برائیوں کے خلاف اعلان جنگ کیا۔ اگر عالم اسلام نبی پاک (ص) کی سیرت پر عمل پیرا ہوتے تو کسی کی جرات نہ ہوتی کہ مقدسات اسلام کی طرف آنکھ اٹھا کے دیکھ سکے۔

 

انہوں نے کہا کہ ملک عزیز عالم پریشانی میں ہے اور دہشتگردوں نے اسلام کو بدنام کرنے اور پاکستان کو کمزور کرنے کی تمام تر سازشیں مکمل کر لی ہیں ایسے میں ضروری ہے کہ تمام مکاتب فکر حضور پاک کی ذات پر جمع ہوں آپ کی ذات اقدس عالم اسلام کے لیے نکتہ اتحاد اور آپکی سیرت کامیابی کا ضامن ہے۔ جشن عید سے خطاب کرتے ہوئے آغا علی رضوی نے کہا کہ حضور پاک (ص) نے جہاں دیگر میدانوں میں انسانوں کی بھرپور اور مکمل رہنمائی کی ہے وہاں حکومت سازی اور قیادت کے لیے بھی معیار بھی بنائے ہیں۔ میدان کوئی بھی ہو قیادت و رہبری کے لیے ایسے شخص کا اتباع ضروری ہے جو محمد مصطفیؐ کو اپنا رہبر اور نمونہ سمجھتے ہوں۔ اسلامی اوصاف و اخلاق کے حامل ہوں۔ کسی فاسق کسی ظالم اور کسی بے دین کی پیروی کرنا اسکے ظلم میں برابر کے شریک ہیں۔ نبی کی امت کے پاس اصل دستور قرآن و سنت ہے۔ قرآن و سنت کی طرف رجوع اور ان پر عمل دونوں جہانوں میں کامیابی و کامرانی کا ضامن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر وجود میں آیا اور اسلام کی بالا دستی کے لیے وجود میں آیا۔ اس معاشرہ میں ظلم، فساد، رشوت ستانی اور اخلاقی بے راہروی افسوسناک ہے اور حکمرانوں کی نااہلی کا نتیجہ ہے جو پاکستان کو اسلامی اقدار سے دور کر کے لیبرل اور دیگر نظاموں کی جانب لے کر جانا چاہتا ہے و ہ دراصل روح قائد سے خیانت کرنے والے ہیں۔ پاکستان میں قیادت و رہبری کا حق اسی شخص کو حاصل ہے جو نبی کی سنت پر عمل کرنے والا ہے، عادل ہو، اہل ہو، دیانت دار ہو، صالح ہو اور غریب پرور ہو۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات قریب ہے عوام پھر ان ظالم حکمرانوں کے دھوکے میں نہ آئیں اور صالح و عادل قیادت کا انتخاب کریں۔ سابقہ پانچ سال میں جنہوں نے عوام کے حقوق کھائے اور عوام پر مظالم کے پہاڑ توڑ ڈالے انکا راستہ عوام کو ہشیاری سے روکنا ہوگا۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree