علامہ مقصود ڈومکی کی زیر قیادت ایم ڈبلیوایم کوئٹہ کے وفد کی ڈی آئی جی پولیس علی شیر جکھرانی سے ملاقات

28 جون 2024

وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی کی قیادت میں ایک وفد نے کوئٹہ میں ڈی آئی جی پولیس علی شیر جکھرانی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کے صوبائی نائب صدر عیوض علی ہزارہ، ضلعی صدر ہزارہ ٹاؤن کوئٹہ سید مہدی ابراہیمی، نائب صدر آغا ضیاء، سجاد علی و دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ ماہ محرم الحرام نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام کی عظیم قربانی اور ان کے عظیم مقاصد کو بیان کرنے کا مہینہ ہے۔ بلوچستان میں بسنے والے مختلف مکاتب کے درمیان اتحاد بین المسلمین اور مذہبی ہم آہنگی کی فضاء قائم ہے۔ جس کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کے بیوپاری نوجوان نسل کو برباد کر رہے ہیں۔ پولیس اور ریاستی اداروں کو منشیات کو روکنے کے لئے مزید موثر اقدامات کرنے چاہئیں۔ منشیات کے بیوپاریوں کے خلاف گھیرا تنگ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین قیام امن اور معاشرتی برائیوں کے خاتمے کے لئے پولیس اور انتظامیہ کا بھرپور ساتھ دے گی۔

اس موقع پر عیوض علی ہزارہ اور آغا ضیاء نے عوامی مسائل کی نشاندہی کی۔ ڈی آئی جی پولیس علی شیر جکھرانی نے اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے رہنماؤں سے کہا کہ منشیات معاشرے کے لئے ناسور بن چکی ہے۔ حکومت منشیات کے سدباب کے لئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان اور آئی جی پولیس منشیات کے خلاف مہم کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے زیر نگرانی کوئٹہ میں نشے میں مبتلا لوگوں کے علاج کے لئے بحالی مرکز قائم کیا گیا ہے۔ جبکہ پولیس نے بہترین لائبریری بھی قائم کی ہے۔ انہوں نے مجلس وحدت مسلمین کے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جن اہم معاشرتی مسائل کی نشاندہی کی گئی ہے ان پر اقدام اٹھائیں گے۔ اس موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے ڈی آئی جی علی شیر جکھرانی کو مولانا عبدالحق بلوچ  کی کتاب تاریخ بلوچ اور مولانا مفتی نظام الدین شامزئی کی کتاب عقیدہ ظہور مہدی علیہ السلام کا تحفہ پیش کیا۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree