وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کے سیکریٹری جنرل عباس علی نے کہا ہے کہ اجتماعی مفاد کو انفرادی مفاد پر ترجیح دینا ہوگی۔ آج ہمارے زوال کی بڑی وجہ کرپشن، بیڈگورننس اور بد عنوانی ہے ۔جب معاشرے کا کم و بیش ہر فرد خود غرضی اور مفاد پرستی کا رویہ اپنائے گا تو بالآخر یہ معاشرہ اور اس کی منفی اور تخریبی اقدار خود ہمارے لیے ناقابل برداشت ہوجائے گی ، انہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایک قوم کی حیثیت سے دیکھا جائے تو کون سے ایسی اخلاقی بیماری ہے جو ہم میں موجود نہیں، خودغرضی ، بدعنوانی، مفاد پرستی، عیاری و چالاکی، بے علمی غرض ساری اخلاقی برائیاں ہم میں پائی جاتی ہیں، بدعنوانی اور رشوت ستانی ایک خطرناک بیماری ہے ، لیکن یہ بیماری ہم سرکاری ملازم سے لیکر سیاست دانوں اور وزیروں میں دیکھ سکتے ہیں۔ یہاں تک کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور قانون ساز ادارے بھی اس سے مستثنیٰ نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ فرد کی اخلاقی حالت کو سدھارے بغیر محض قانون سازی اور جمہوری اداروں کی بحالی اور بالا دستی سے ہم اپنی قومی اور اجتماعی حالت کو تبدیل نہیں کرسکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ ظلم و اتحصال اور طرح طرح کے زمینی و آسمانی مصائب اور آفات ایسے ہی معاشرے کا مقدر بنتے ہیں، جہاں فرد کا کردار بگڑ جائے اور اعلیٰ اخلاقی اقدار و صفات سے محروم ہوجائے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہمارے معاشرے کا وہ کون سا طبقہ ہے جو بلا لحاظ علم و تجربہ اور بلا امتیاز، رنگ و نسل و عقیدہ ایسے اخلاقی امراض میں گرفتار ہیں کہ نہ ان کا علم نافع رہا نہ ان کی کوشش نتیجہ خیز ہیں۔ ہم دوسروں کا احتساب تو چاہتے ہیں لیکن خود اپنا احتساب کرنے کے لیے تیار نہیں۔ اگر سوچنے اور تجزیے کا انداز اب ہوجائے تو معاشرے کی عمومی صورتحال یہ ہو جاتی ہے کہ سب ایک دوسرے کو موردالزام ٹھہراتے ہیں اور ایک دوسرے پر انگلیاں اٹھاتے ہیں ۔ لہذا ہمیں چاہیے کہ قومی مفاد کو ذاتی مفاد پر قربان کردیں۔ اس ایثار و قربانی کے نتیجے میں رفتہ رفتہ معاشرے و ملک کی حالت دسدھرتی جائے گی۔