وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کوئٹہ ڈویژن کے سیکرٹری مالیات رشید علی طوری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کے سرحدی علاقے چمن پرافغان فورسسز کی بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری ایک غیر انسانی اور غیر سنجیدہ اقدام ہے،افغان حکومت اور فورسسز اپنی جارحیت کے ذریعے کیا پیغام دینا چاہتی ہیں۔پے در پے افغانستان کی جانب سے ایسے غیر عاقلانہ اقدامات کا رونما ہونا خطے میں مستقل و دیرپا امن کی کو ششوں کو نقصان پہنچا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان ایک دوسرے کے بھائی ہیں اور دینی اقدار، قومی ثقافت و روایات اور رشتوں میں ایک دوسرے کیساتھ جڑے ہوئے ہیں ،جنگ دونوں ممالک کیلئے نقصان دہ اور خطرناک ہیں،بیرونی قوتیں دو برادر ممالک کو آپس میں لڑانے کی سازش کر رہی ہیں، چمن بارڈر پر حالیہ افغان جارحیت افغانستا ن کے آزادانہ خارجہ پالیسی نہ رکھنے کا نتیجہ ہے۔دونوں ممالک ایک دوسرے کی نسبت اپنی پالیسوں پر نظر ثانی کریں اور جلد از جلد مذاکرات کے ذریعے غلط فہمیاں دور کر کے مسائل حل کئے جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگردوں کے خلاف دونوں ممالک مشترکہ پالیسی کے تحت سنجیدہ کاروائیا ں عمل میں لائیں اور خطے میں امن و امان کی بحالی کے لئے اپنی تمام تر توانائیوں کو بروئے کار لائے،افغانستان اور پاکستان ایک ہی جسم کے مانند ہیں ایک ملک کے حالات دوسرے پر بھی اثر انداز ہوتے ہیں ،جسم کے ایک حصے میں درد ہو تو دوسرے حصے میں بھی تکلیف و بے چینی ضرور ہوتی ہے ،لہذا دونوں ممالک جلد از جلد کشیدگی کا خاتمہ کریں اور افغانستان آئندہ ایسی کاروائیوں کا مکمل ستدباب کریں ۔بیا ن کے آخر میں انہوں نے اس واقعے کے تمام شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی شفایابی کیلئے دعا کر تے ہوئے انکے لواحقین سے دلی ہمدردی و یکجہتی کا اظہار کیا ۔