مہنگائی کی بدولت شرح خودکشی میں اضافہ ہو گا ، علامہ سبطین حسینی

04 اکتوبر 2013

وحدت نیوز (پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کےصوبائی آرگنائزرعلامہ سید سبطین حسینی نے بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کو مسترد کرتے ہوئے فیصلہ واپس نہ لینے کی صورت میں احتجاجی تحریک چلانے کی دھمکی دی ہے۔ پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت عوامی ایشوز کو حل کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔ مہنگائی کے سیلاب کو روکنے کے بجائے ایسے ایسے اقدامات کیے جارہے ہیں جن سے مہنگائی کا جن بوتل سے باہر آچکا ہے اور اس کی زد میں فقط بے چارے غریب عوام ہیں۔نواز حکومت کے100دن پورے ہونے کے باجوو مسائل جوں کے توں ہیں۔ نہ دہشتگردی پر قابو پایا جاسکا اور نہ ہی عوام سے کیے گئے وعدے پورے کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو امید تھی کہ نوازشریف انہیں ریلیف دیں گے اور ملک سے کرپشن کا خاتمے سمیت دیگر مسائل سے نجات دلائیں گے مگر ایسا نہ ہوسکا۔عوام پر بیک وقت بجلی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کرکے حکومت نے آئی ایم ایف کا وفادار ہونے کا ثبوت دیاہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کمر توڑ مہنگائی سے عوام پہلے ہی بے حال ہیں ، غریب عوام کا چولہابجھ رہا ہے تو لوگ خودکشی کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ہم حکومت کو باور کرانے چاہتے ہیں کہ اس ملک میں آئی ایم ایف کا ایجنڈ ا نہیں چلنے دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ یہ عوام کے ساتھ کیسا انصاف ہے کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں تو کم ہورہی ہیں لیکن پاکستان میں عوام کو اس کا ریلیف دینے کے بجائے مزید قیمتوں میں اضافہ کرنے کی روایت برقرار رکھی جارہی ہے۔ہم سمجھتے ہیں کہ حکومت کے پاس اب بھی وقت ہے کہ وہ اس ظالمانی اقدام کو روکے اور اپنے فیصلے کو واپس لے ۔سپریم کورٹ کی جانب سے بجلی قیمتوں کے حوالے سے حکومت سے پوچھ گچھ کا اقدام خوش آئند ہے۔ تاہم حکومت کو بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کیا جانے والا اضافہ واپس لینا ہوگا۔  
انہوں نے کہا ہ ہم اس پریس کانفرنس کے ذریعے یہ اعلان کرتے ہیں کہ'' اگر حکومت اس فیصلے پر برقرار رہی تو دیگر جماعتوں کے ساتھ ملکر ایک بھرپور عوامی تحریک کا آغاز کریں گے۔ جس کے نتیجے میں حکومت کو عوام کے سامنے جوابدہ بنایا جائیگا اور گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا جائیگا''۔ ہم یہ بھی واضح کردینا چاہتے ہیں کہ اگر یہ سوچا جارہا ہے کہ فقط ایک دو رروپے کم کرکے عوامی غصے کو ٹھنڈ ا کرلیا جائیگا تو یہ حکومت کی بھول ہے۔ مجلس وحدت مسلمین پیٹرولیم اور بجلی کے نرخوں میں کیا گیا حالیہ اضافے کی مکمل واپسی کا مطالبہ کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم حالیہ دہشتگردی کی لہر بلخصوص پشاور میں گذشتہ ایک ہفتہ کے دوران تین ہولناک دھماکوں کے نتیجے میں ڈیڑھ سو کے قریب بے گناہ شہریوں کے قتل کی نہ صرف شدید الفاظ میںمذمت کرتے ہیں بلکہ'' وفاقی اور صوبائی حکومت کو متنبہ کرتے ہیں کہ وہ دہشتگردوں کیساتھ مذاکرات کی باتیں چھوڑ کر ان کیخلاف فوری طور پر کارروائی کا آغاز کرے''۔ ہم چرچ دھماکوں پر عیسائی برادری، بس دھماکہ اور سانحہ قصہ خوانی کے متاثرین کو تعزیت پیش کرتے ہیں اور ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔انہوں نے کہا کہ طالبان کا دفتر کھلوانے والوں کو بیگناہ اور نہتے مسلمانوں کا خون بھی یاد رکھنا چاہیئے، یہ دعوی کے ہم تبدیلی لے کے آئیں گے، حکومت کی کارکردگی دیکھ کر محض ایک فریب نظر آتا ہے، لگتا ہے خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف کی نہیں بلکہ دہشت گردوں کی حکومت ہے۔آخر میں انہوں نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے اپنا موقف واضح کرنا چاہتے ہیں کہ بلدیاتی نظام عوام کو نچلی سطح پر اختیارات کی منتقلی اور ان کے مسائل کو حل کرنے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔ تاہم ''مجلس وحدت مسلمین اس نظام کو کرپشن سے پاک بنانے اور یونین کونسل سطح پر بھی جماعتی بنیادوں پر الیکشن کروانے کی حامی ہے''۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree