وحدت نیوز (پشاور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ایم ڈبلیو ایم خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل علامہ سبیل حسن مظاہری کے استعفے کے بعد علامہ سبطین الحسینی کو آئندہ 2 ماہ کیلئے صوبائی آرگنائزر مقرر کرنے کے فیصلے کی توثیق کردی ہے جبکہ صوبائی کابینہ بدستور اپنی ذمہ داریوں پر کام کرے گی۔ جاری کردہ ایک اعلامیہ کے مطابق علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کابینہ کے تمام اراکین اپنی مسولیت پر برقرار رہیں گے جبکہ علامہ سبطین الحسینی 2 ماہ کیلئے صوبائی آرگنائزر کی حیثیت سے فرائض سرانجام دیں گے۔ 2 ماہ کے دوران پورے صوبہ میں تنظیم سازی مکمل کی جائے گی، جس کے بعد نئے سیکرٹری جنرل کے انتخاب کیلئے کنونشن بلایا جائے گا۔ علامہ راجہ ناصر عباس نے اس سلسلہ میں صوبائی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ وحید عباس کاظمی کو صوبائی آرگنائز کیساتھ رابطہ میں رہتے ہوئے 2 ماہ میں تمام اضلاع میں تنظیم سازی مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ واضح رہے کہ علامہ سبیل حسن مظاہری کی جانب سے قم المقدس میں درس و تدریس کی وجہ سے قیام کے باعث صوبائی سیکرٹری جنرل کی حیثیت سے استعفیٰ پیش کیا گیا تھا۔