وحدت نیوز(پشاور) تنظیم سازی، میڈیا اور عوامی فلاح و بہبود کے شعبوں پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے، ہر ضلع اپنی کابینہ مکمل کرے، ٹارگٹ کلنگ اور مختلف ملکی و عالمی حالات پر مقامی اور ملکی اخبارات اور الیکٹرانک میڈیا میں بھرپور بیانات دیئے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین صوبہ خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل علامہ سبطین حسینی نے صوبائی شوریٰ کے اجلاس سے خطاب میں کیا۔ منعقدہ اجلاس میں پشاور سٹی کے سیکرٹری جنرل ارشد علی کو جنرل کونسلر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی گئی، یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ ارشد علی کے اقدامات کے باعث علاقہ کی اہل سنت آبادی نے بھی انہیں ووٹ دیا۔ شوریٰ کے اجلاس میں ادارہ تعمیر ملت و استحکام مستصعفین (اتمام) کے سربراہ ظہیر الدین بابر نے خصوصی شرکت کی اور شرکائے اجلاس کو جاری فلاحی منصوبوں سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر مختلف اضلاع کے سیکرٹری جنرلز نے اپنے اپنے علاقوں کی کارکردگی رپورٹس پیش کیں۔