وحدت نیوز (پشاور) مجلس وحدت مسلمین ضلع پشاور نے ضمنی انتخابات میں حلقہ این اے ون پر عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار اور سابق وفاقی وزیر حاجی غلام احمد بلور کی حمایت کے اعلان کے بعد ان کی کامیابی یقینی بنانے کیلئے سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کردیا ہے۔ اس سلسلے میں ایم ڈبلیو ایم ضلع پشاور کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع پشاور کی کابینہ کے علاوہ تمام یونٹس اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس میں طے پایا کہ مجلس وحدت مسلمین کی صوبائی قیادت کی جانب سے حاجی غلام احمد بلور کی حمایت کی روشنی میں ان کی کامیابی کیلئے عوام رابطہ مہم بھرپور انداز میں چلائے گی۔ اور پشاور کے مختلف یونٹس میں غلام احمد بلور کی کامیابی کیلئے 22 اگست کو ووٹرز کو گھروں سے نکالا جائے گا۔ اجلاس میں طے پایا کہ آج سے ضلعی کابینہ کے اراکین مختلف یونٹس کے دورہ جات شروع کریں گے اور پولنگ والے روز تک یہ سرگرمیاں جاری رہیں گی۔ اجلاس میں ضلعی کابینہ نے تمام یونٹس کو ہدایات جاری کیں کہ غلام احمد بلور کی کامیابی کیلئے ہرممکن سیاسی کوشش کی جائے۔
واضح رہے کہ حاجی غلام احمد بلور نے گذشتہ دنوں ایم ڈبلیو ایم خیبر پختونخواہ کے صوبائی آفس کا دورہ کیا تھا اور صوبائی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ عبد الحسین الحسینی سے ملاقات میں این اے ون پر ضمنی الیکشن میں اپنی حمایت کی درخواست کی تھی۔