وحدت نیوز(پشاور)مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخواہ کی صوبائی کابینہ کا اجلاس ایم ڈبلیو ایم سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا۔ جس میں مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی، سیکرٹری ایمپلائز ونگ ملک اقرار حسین، معاوں سیکرٹری تنظیم سازی آصف رضا اور ارشاد بنگش نے شرکت کی۔
صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ وحید کاظمی نے صوبائی کارکردگی اور صوبے کے مسائل سے وفد کو آگاہ کیا۔انہوں نے تنظیم سازی کے عمل اور روابط میں تیزی لانے کی ضرورت پر زور دیا۔ باہمی گفت و شنید اور مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ اگلے چار ماہ کے دوران ضلعی تنظیم سازی پر خصوصی توجہ مرکوز رکھی جائے گی۔ کوہاٹ اور پشاور ڈویژن کو مزید فعال کرنے کے لیے اقدامات کئے جائیں گے۔ قومی مسائل کے حل کے لیے صوبائی دفتر کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔ میڈیا اور انتظامی رابطوں میں مزید وسعت لانے کے لیے تمام تر کاوشوں کو بروئے کار لایا جائے گا۔