وحدت نیوز(پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے سربراہ علامہ سید وحید عباس کاظمی نے کہا ہے کہ نائجیرین حکومت نے معروف بزرگ مذہبی رہنماء علامہ شیخ ابراہیم ذکزکی کو کئی سالوں سے بے جرم و خطا قید میں رکھا ہوا ہے، حکومت پاکستان سفارتی ذرائع کا استعمال کرتے ہوئے ابراہیم ذاکزکی کی رہائی کیلئے کردار ادا کرے۔
وحدت ہاوس پشاور سے جاری ایک اخباری بیان میں ان کا کہنا تھا کہ شیخ ابراہیم ذکزکی عالمی سطح پر جانے جانیوالی مذہبی شخصیت ہیں، انہوں نے نائجیریا جیسے ملک میں دین اسلام کی تبلیغ کیلئے تاریخی کردار ادا کیا، جس کی وجہ سے کروڑوں افراد مذہب حقہ کی جانب راغب ہوئے، امریکہ کے اشاروں پر نائیجرین حکومت نے محض اسلام دشمنی میں شیخ ابراہیم ذکزکی کے بیٹوں سمیت اب تک سینکڑوں مسلمانوں کو شہید اور خود شیخ صاحب کو ساڑھے تین برس سے زائد عرصہ سے پابند سلاسل کر رکھا ہے، جہاں ان کی حالت انتہائی نازک بتائی جاتی ہے۔
علامہ وحید کاظمی نے مزید کہا کہ عالم اسلام کے اس عظیم رہنماء کی رہائی کیلئے نہ صرف مذہبی و سیاسی جماعتوں کو آواز بلند کرنے کی ضرورت ہے بلکہ پاکستانی عوام بھی اس حوالے سے اپنا مذہبی و اخلاقی فریضہ ادا کریں۔ حکومت پاکستان سفارتی ذرائع استعمال کرتے ہوئے شیخ ابراہیم ذکزکی کی رہائی کیلئے کوششیں کرے، اقوام متحدہ اور دیگر انسانی حقوق کی تنظیموں سے بھی اپیل ہے کہ وہ اپنا کردار ادا کرتے ہوئے علامہ ذکزکی کو رہا کروانے کی کوشش کریں۔