وحدت نیوز (پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل علامہ سبیل حسن مظاہری نے پشاور کے علاقہ امامیہ کالونی میں ہونے والے بم دھماکہ کے نتیجے میں جانی نقصان کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے گناہ عوام کا خون ناحق بہانے والے انسان کہلانے کے لائق بھی نہیں، جب تک عوام کو جان کا تحفظ فراہم نہیں کیا جاتا کوئی بھی حکومت اپنے آپ کو کامیاب نہیں قرار دے سکتی۔ وحدت ہاوس سے جاری اپنے ایک مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ کراچی میں آج ایک شریف النفس وکیل کوثر ثقلین کو دو بیٹوں سمیت شہید کر دیا گیا، جبکہ شام کو پشاور میں بے گناہ افراد کا خون بہایا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاق سمیت تمام صوبوں کی نئی جمہوری حکومتوں کو سب سے زیادہ توجہ امن و امان کے قیام اور دہشتگردی کے خاتمے پر دینا ہوگی۔ پشاور سمیت ملک کے کسی بھی حصہ میں معصوم لوگوں کا قتل عام برداشت نہیں کیا جائے گا۔ علامہ سبیل حسن مظاہری نے پشاور میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے آغا میر کے زخمی ہونے کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ علاوہ ازیں مجلس وحدت مسلمین ضلع پشاور کے ایک وفد نے لیڈی ریڈنگ اسپتال میں زیر علاج زخمیوں کی عیادت کی اور امامیہ کالونی کا دورہ بھی کیا۔