وحدت نیوز(پشاور) بزرگ عالم دین اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی شوریٰ نظارت کے رکن علامہ سید حسین الاصغر الحسینی انتقال کرگئے ہیں۔ مرحوم عارضہ قلب میں مبتلا ہونے کے باعث پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال میں زیر علاج تھے، جہاں وہ اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔ علامہ حسین الاصغر کی میت کو ان کے آبائی علاقہ ابراہیم زئی ضلع ہنگو منتقل کر دیا گیا ہے۔ جہاں ان کی نماز جنازہ علامہ خورشید انور جوادی کی اقتداء میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی، علامہ اقبال بہشتی، علامہ عبدالحسین الحسینی سمیت دیگر مذہبی، سیاسی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی۔ واضح رہے کہ علامہ سید حسین الاصغر بزرگ عالم دین اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی مرکزی شوری نظارت کے رکن تھے، آپ ضلع ہنگو میں قائم مدرسہ زینبیہ (س) کے بانی بھی تھے۔