وحدت نیوز(پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ سید عبدالحسین الحسینی نے بھکر میں علمائے کرام سمیت 150 سے زائد بے گناہ افراد کی گرفتاریوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت ہوش کے ناخن لے، بصورت دیگر ظالم رئیسانی حکومت گرانے والے غیور پاکستانی حکومت پنجاب کیلئے بھی مسائل پیدا کرسکتے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ڈی پی او بھکر اور رانا ثناء اللہ نے فرقہ پرست دہشتگردوں کیساتھ ملکر بھکر کا امن تہہ و بالا کیا۔ اور ظلم کیخلاف آواز بلند کرنے والے شہریوں کو انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے ترجمان علامہ اصغر عسکری سمیت 150 سے زائد بے گناہ افراد کی گرفتاری کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ معلوم نہیں یہ کیسا قانون ہے جو شہداء کا سوئم منانے والوں کو گرفتار کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اصغر عسکری سمیت تمام بے گناہ افراد کو فوری طور پر رہا کیا جائے بصورت دیگر شدید احتجاج کا راستہ اختیار کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کیلئے نرم رویہ رکھنے والی جماعت مسلم لیگ ن کو اپنے رویہ میں تبدیلی لانا ہوگی اور واضح کرنا ہوگا کہ وہ مظلوم عوا م کیساتھ ہے یا دہشتگردوں کیساتھ۔ انہوں نے کہا کہ اگر بھکر کے بے گناہ افراد کو رہا نہ کیا گیا تو پنجاب حکومت ظالم رئیسانی حکومت کا حشر یاد رکھے۔