وحدت نیوز (پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ سید وحید عباس کاظمی نے کوہاٹ روڑ پشاور پر گذشتہ 48 گھنٹوں کے دوران ہونے والے دو دھماکوں کو حکومت کی ناکام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگرد آزادانہ طور پر عوام کو اپنی بربریت کا نشانہ بنارہے ہیں تاہم حکمرانوں کو احساس تک نہیں، وحدت ہاوس پشاور سے جاری اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ جمعرات کو پشاور کی اسی شاہراہ پر پارا چنار جانے والی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا اور اب کوہاٹ جانے والے بے گناہ مسافروں کو شہید کیا گیا، انہوں نے بتایا کہ کوہاٹ کے ان مسافروں میں خواتین اور بچوں سمیت شیعہ، سنی علمائے کرام بھی سوار تھے، دہشتگردی کی اس کارروائی میں اہل تشیع عالم دین محمد شہنشاہ اور اہل سنت عالم دین سجاد فرید بھی زخمی ہوئے ہیں، جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ دہشتگرد ملک میں فروغ پانے والے شیعہ، سنی وحدت سے پریشان ہیں اور انہیں نشانہ بنانے کی کوششیں کر رہے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ حکومت فوری طور پر ان دونوں دھماکوں کی تحقیقات کیلئے اعلیٰ سطحی تحقیقاتی کمیشن تشکیل دے، اور اس کی رپورٹ ایک ہفتہ کے اندر عوام کے سامنے لائی جائے، ان کا کہنا تھا کہ شمالی وزیرستان کی طرح پورے ملک سے دہشتگردوں کا صفایا کرنے کی ضرورت ہے، انہوں نے کوئٹہ میں ہونے والے دھماکے کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی۔