وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین کراچی،ضلع ملیر اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے تحت پاراچنارمیں تکفیری خوارج کے خودکش بم دھماکے اور نائیجیریامیں اسرائیل نوازآرمی کے ہاتھوں سینکڑوں شیعہ مسلمانوں کے قتل عام سمیت قائد ملت اسلامیہ نائیجیریاآیت اللہ شیخ ابراہیم زکزکی حفظ اللہ کی بلاجواز گرفتاری کے خلاف احتجاجی مظاہرہ منعقد کیا گیا۔حسینی جامع مسجد برف خانہ ملیرکے باہر احتجاجی مظاہرے سے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما علامہ سید احمد اقبال رضوی اورضلعی سیکریٹری جنرل سید احسن عباس رضوی نے خطاب کیا، اس موقع پر مظاہرین کی بڑی تعداد موجود تھی ،جنہوں نے ہاتھوں میں پرچم ، بینراور پلے کارڈاٹھارکھے تھے، جن پر مظلوموں کی حمایت اور ظالموں کے خلاف نعرے درج تھے۔ مقررین نے پاراچنارکے محب وطن پاکستانیوں پر تکفیری دہشت گردوں کے مظالم اور نائیجرین آرمی کے ہاتھوں سینکڑوں بے گناہ شیعہ مسلمانوں کے قتل عام کی پر زور الفاظ میں مذمت کی۔