شہداء کے قاتلوں کو گرفتار نہ کیا گیا تو وزیراعلیٰ ہاؤس کا گھیراؤ کریں گے، علامہ صادق رضا تقوی

14 اکتوبر 2013

وحدت نیوز(کراچی)  مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ صادق رضا تقوی نے کہا ہے کہ شہر قائد میں جاری مظلوم عوام کی ٹارگٹ کلنگ اور بالخصوص روزانہ کی بنیاد پر شیعہ نسل کشی کا سلسلہ زور پکڑتا جارہا ہے، دہشت گردی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، شہر قائد میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو ہدف بناکر موت کے گھاٹ اُتار دیا جاتا ہے اور ستم ظریفی یہ ہے کہ شہر قائد میں موجود قانون نافذ کرنے والے ادارے پولیس، رینجرز اور سینکٹروں کی تعداد میں موجود سکیورٹی ایجنسیوں کے با اثر افراد تاحال ان واقعات میں ملوث دہشت گردوں کو گرفتار کرنے میں ناکام رہے ہیں جبکہ دوسری جانب حکومت سندھ کے حکم پر ٹارگٹ کلنگ روکنے اور شہر کی ابتر صورت حال کو قابو کرنے کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کا آپریشن گزشتہ ماہ سے جاری ہے اور اس آپریشن کے دوران شیعہ نسل کشی میں اضافہ ہوا ہے۔

 

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب میں شیعہ نسل کشی کے خلاف منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ کراچی ڈویژن کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ دیدار علی جلبانی، سیکریٹری سیاسیات علی حسین نقوی اور ضلع غربی کے سیکریٹری جنرل علامہ سلمان حسینی بھی موجود تھے۔ علامہ صادق تقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آخر کیا وجہ ہے کہ ٹارگٹ کلنگ روکنے کے لئے حکومتی ایماء پر جاری آپریشن کے باوجود شہر قائد میں دہشت گردی کا سلسلہ جاری ہے جس کا نشانہ شیعہ ڈاکٹر، وکیل، مساجد و امام بارگاہ کے ٹرسٹیز حضرات، شیعہ تاجروں سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں میں موجود شیعہ افراد بن رہے ہیں۔

 

انہوں نے بتایا کہ دو اکتوبر سے نو اکتوبر تک کراچی میں چھ بے قصور شیعہ مسلمانوں کو شہید کردیا گیا، گذشتہ بائیس دنوں میں ایک شیعہ پولیس افسر سمیت انیس شیعہ مسلمان شہید کئے جاچکے ہیں، اس کے علاوہ ملک بھر میں شیعہ نسل کشی شدت کے ساتھ جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ اس دہشت گردی کا سدباب اُس وقت تک ممکن نہیں ہو سکتا جب تک شہر قائد میں موجود کالعدم تکفیری دہشت گرد گرہوں کے خلاف آپریشن نہیں کیا جاتا کیوں کہ یہ کالعدم دہشت گرد قیام پاکستان سے لیکر آج تک ملکی جڑوں کو کاٹتے آ رہے ہیں اور اس مملکت خداداد پاکستان کو عدم استحکام کی صورت حال سے دو چار کرتے آرہے ہیں، ہر دور حکومت میں ان کے خلاف آپریشن کا راگ تو الاپا جاتا ہے مگر کاروائی نہیں کی جاتی اور ان دہشت گردوں نے اب تک ہزاروں کی تعداد میں پاکستان کے محب وطن عوام کو دہشت گردی کی بھینٹ چڑھا کر موت کی نیند سُلا دیا ہے اور نہ جانے آ گے کتنی ماؤں کی گود اجڑیں گی، کتنے بچے یتیم ہوں گے اور کتنے سہاگ اجڑیں گے، ہم پوچھنا چاہتے ہیں برسر اقتدار سیاسی جماعتوں اور متعلقہ خفیہ ادارں کے ذمہ داران سے کہ کیا پاکستان کے بیگناہ عوام کا خون اتنا سستا ہے کہ روز اس کا سودا کیا جائے، چالیس ہزار سے زائد مظلوم اور بے گناہ پاکستانی شہریوں کے قاتلو ں کو پاکستان کا اسٹیک ہولڈر تسلیم کیا جانا کہاں کا انصاف ہے۔

 

علامہ صادق رضا تقوی کا کہنا تھا کہ کالعدم یزیدی دہشت گرد گروہ کالعدم طالبان کی شاخیں ہیں اور ان کے خلاف عدم کارروائی کا سبب ان سے مذاکرات کی پالیسی ہے۔ ٹارگٹڈ آپریشن میں انہیں ہدف بنایا ہی نہیں گیا بلکہ ان قاتل دہشت گردوں سے مذاکرات کا مقصد ان کے لئے عام معافی کا اعلان کرنا ہے۔ مذاکرات، عام معافی اور دہشت گردوں کی رہائی پاکستان اور اسلام کے قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ ہم اپنا مطالبہ دہراتے ہیں کہ ان دہشت گردوں کا فوجی آپریشن کے ذریعے قلع قمع کیا جائے اور جو دہشت گرد جیلوں میں ہیں انہیں سرعام پھانسی کی سزا دی جائے۔ اگر ایسا نہیں کیا گیا تو ملک گیر احتجاجی تحریک کے لے لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ بہتر ہے کہ حکومت وقت پاکستان کے پرامن شہریوں کی جان و مال کا تحفظ کرنے کے لئے اپنی آئینی ذمے داریوں کو انجام دے نہ کہ دہشت گردوں سے ہاتھ ملائے۔

 

ان کا کہنا تھا کہ شہر کراچی اس وقت ملک بھر سے لا کر بسائے جانے والے ملک دشمن اور اسلام دشمن دہشت گردوں کا مرکز بن چکا ہے اور آئے روز کراچی کے دو اضلاع غربی اور وسطی میں درجنوں شیعہ مسلمانوں کو بے دردی سے ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا ہے جبکہ حیرت انگیز بات تو یہ ہے کہ کراچی میں پولیس اور رینجرز کی جانب سے جاری آپریشن کے باوجود انیس شیعہ مسلمانوں کو قتل کر دیا جاتا ہے تاہم ایک بھی قاتل کو گرفتار نہیں کیا گیا ہے جو کہ حکومت اور سیکورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ شہر کراچی میں شیعہ مسلمانوں کے قتل میں ملوث ریاستی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے اور شہر کراچی میں جاری آپریشن کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے شہر میں موجود کالعدم دہشت گرد گروہوں کے دفاتر سمیت ان کے دہشت گردی کے مراکز پر چھاپے مارے جائیں اور ملک و اسلام دشمن سرگرمیوں میں ملوث کالعدم دہشت گرد گروہوں کے خطرناک دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے تاکہ شہر میں حقیقی امن قائم ہو سکے۔

 

علامہ صادق رضا تقوی نے کہا کہ ہم وفاقی حکومت اور ان تمام ریاستی اداروں کو متنبہ کرتے ہیں کہ اگر ہزاروں پاکستانی بے گناہوں کے قاتلوں طالبان دہشت گردوں کے ساتھ مذاکرات کے راستے کو ترک نہ کیا گیا تو ملک گیر احتجاج کا سلسلہ شروع کیا جائے گا جس کا اختتام حکومت کی تنزلی کے ساتھ ہی ممکن ہوگا۔ ہم حکومت وقت کو واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ اگر حکومتی اور ریاستی اداروں کی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی اور شیعہ مسلمانوں کی ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ اسی طرح جاری رہا اور شیعہ مسلمانوں کے قاتلوں کو گرفتار نہ کیا گیا تو کراچی میں ملت جعفریہ پہلے مرحلے میں وزیراعلیٰ ہاؤس کا گھیراؤ کرے گی جبکہ دوسرے مرحلے میں قومی اسمبلی کا گھیراؤ کیا جائے گا۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree