وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ مبشر حسن انچولی آفس میں ضلعی زمہ دارن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ داعش جیسی دہشتگرد تنظیم سے متعلق جنرل راحیل شریف کی سوچ درست ہے، مگر پاکستان میں فرقہ پرست عناصر پر کڑی نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔ جو داعش کے ہمدرد اور ہمنوا ہیں۔ وزیرستان میں جاری فوجی آپریشن کو پوری قوم کی حمایت حاصل ہے۔ لہذٰا دہشتگردی کے خلاف ملک گیر آپریشن شروع کیا جائے،انہوں نے نے دہشت گردوں کی جانب سے کراچی میں دہشت گردی کی کوشش اور پولیس وین کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کی ہے اور دو افراد کی شہادت اور متعدد کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہا رکیا ہے۔
علامہ مبشر نے کہا کہ دہشت گرد پورے کراچی میں اپنا دہشت گردی کا نیٹ ورک یعنی مضبوط جال پھیلا چکے ہیں لہٰذا ایم ڈبلیو ایم کے پلیٹ فارم سے شہریوں سے اپیل کر تا ہوں کہ خدارا انتہائی چوکس اور ہوشیار رہا جائے ہر شہری اپنی مدد آپ کے اصول کے تحت اپنی حفاظت کیلئے اپنے عقل و شعور سے کام لیں ،علامہ مبشر حسین نے شہید ہونے والے شہری کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ان کی مغفرت، سوگوار لواحقین کے صبر وجمیل او رزخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔علامہ مبشر نے سندھ کے وزیر اعلیٰ سید قائم علی شاہ جو صوبائی وزیر داخلہ کا قلمدان بھی رکھتے ہیں ان سے مطالبہ کیا کہ خدارا شہر میں امن وامان اورشہریوں کی جان ومال کے تحفظ کیلئے ہنگامی بنیادوں پر سخت حفاظتی انتظامات کئے جائیں او راچھی شہرت کے حامل پولیس افسران اور سپاہیوں کو شہریوں کی حفاظت کیلئے معمور کیا جائے۔