وحدت نیوز (بھٹ شاہ) اصغریہ آرگنائزیشن پاکستان کے زیر اہتمام انوار ولایت کنونشن اور یوم سیدہ فاطمۃ الزہراء ؑ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندہ کے صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ مقصو د علی ڈومکی نے کہا ہے کہ نظام امامت و ولایت ظلمت اور تاریکی میں نور کی کرن ہے اور آج دنیا میں جاری ظلم و بربریت کے ماحول میں عالم انسانیت کے لئے اگر کہیں کوئی روشنی اور امید کی کرن ہے تو وہ نظام ولایت و امامت ہی ہے۔ اخلاق اور کردار کے دیوالیہ پن میں جہاں سرعام ضمیر بک رہے ہوں اور دین کے ٹھیکیدار ریال اور ڈالر کے بدلے اللہ کی آیتوں کا سودا کر رہے ہوں وہاں نظام ولایت ہی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ ہمارے ہاں ابراہیم زکزاکی اور باقر النمرؒ جیسے عظیم اور انمول انسان موجود ہیں۔ جو نہ فقط مکتب اہل بیت ؑ بلکہ عالم انسانیت کا ناز ہیں، جنہیں نہ درہم اور دینار سے خریدا جاسکتا ہے اور نہ ہی جیل اور پھانسی سے جھکایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نظام ولایت اب عالمی انقلابی تحریک کا رخ اختیار کر چکا ہے جسے دھشت گردوں کے لشکر بنا کر روکنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ مگر اسلام دشمن سامراجی قوتوں کے تمام تر حربے ناکام ہوچکے ہیں، اب کسی بھی نام نہاد ورلڈ پاور کے لئے اس الٰہی تحریک کا راستہ روکنا نا ممکن ہے۔ قائد شہید علامہ سید عارف حسین الحسینی ؒ کے پیروکار حق و باطل کے اس معرکے میں اہل حق کے ساتھ ہیں، اور انشاء اللہ ظلم کی سیاہ رات کا خاتمہ اب قریب ہے۔