وحدت نیوز (لاہور) پاکستان کی سیاسی و مذہبی جماعتیں ناعاقبت اندیش حکمرانوں کو مشرق وسطیٰ کی،، پراکسی وار،، کو پاکستان لانے سے روکیں،افواج پاکستان کو عوام میں متنازعہ بنانے کی سازشیں کامیاب نہیں ہونے دینگے،ہم نے ہمیشہ لوگوں کے مفادات کی جنگ لڑی جس کا خمیازہ آج پوری قوم بھگت رہی ہے،پاکستان کو اس نازک دور میں جوش سے نہیں ہوش سے پالیسیاں بنانی ہوں گیں،قوم مزید پرائی آگ کا ایدھن بننے کے لئے تیار نہیں،پاکستان کی سیاسی و مذہبی جماعتوں کی جانب سے حکومت کومشرق وسطیٰ کی پراکسی وار سے دور رہنے کی تلقین خوش آئند ہے،ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکریٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ عرب ممالک کے حکمران اسرائیل کو تحفظ دینے کے لئے مسلم امہ میں تفرقہ ڈال رہے ہیں،جہاں بھی اسرائیل مخالف حکومتیں ہیں وہیں ان ممالک نے دہشت گردوں کی حمایت کرکے ان کے خلاف سازشیں کی ہیں،غزہ میں مسلمانوں کی نسل کشی پر ان حکمرانوں کو یہ احساس نہیں ہوا کہ عرب سر زمین پر یہودی مسلمانوں پر شب خون مار رہے ہیں،مصر میں اخوان المسلمین کی منتخب حکومت کو گرا کر اسرائیل نواز ڈکٹیٹر کو مصری عوام پر مسلط کیا گیا،شام اور عراق میں النصرہ اور داعش کو مسلمانوں کے قتل عام اور اسرائیلی مفادات کے تحفظ کے لئے مالی امداد اور ٹریننگ دی گئی،اب جبکہ اُن ملکوں سے پسپائی کا سامنا کرنا پڑا تو یمن میں مسلمانوں کیخلاف محاذ کھول دیے ہیں ،یمن میں جارحیت کی حمایت میں اسرائیل کے بیان پر مسلمانوں کی آنکھیں کھل جانی چاہیئں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت ہوش کے ناخن لے اور پرائی آگ سے اپنے گھر کو جلانے کی کوشش نہ کر،پاکستان کی جن سیاسی مذہبی جماعتوں نے اس نازک صورت حال سے دور رہنے کی پالیسی پر دوک ٹوک الفاظ زمیں زوردیا وہ لائق تحسین ہیں،پاکستان اب کسی پراکسی وار کامتحمل نہیں،ہمیں اپنے گھر کو بچانا ہے،ہماری افواج ہمارا سرمایہ ہے ہم اپنی غیرت مند اور شجاع افواج کو کسی کی پراکسی وار میں دھکیلنے کی ہرگز اجازت نہیں دینگے۔