وحدت نیوز (ٹوبہ ٹیک سنگھ) سعودی حکمران یہود و نصاریٰ کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں اور امت مسلمہ کو تفریق کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں جن کو امت مسلمہ کبھی بھی کامیاب نہ ہونے دے گی، ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیر اہتمام مرکزی امام بارگاہ جھنگ روڈ ٹوبہ ٹیک سنگھ سے سعودی عرب میں ممتاز شیعہ عالم دین علامہ شیخ باقر النمر کو شہید کئے جانے کے خلاف نکالی جانے والی احتجاجی ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ہدایت حسین ہدایتی نے کیا، ریلی کی قیادت مجلس وحدت مسلمین کے ضلعی سیکرٹری جنرل سید نثار حسین شمسی نے کی، جبکہ ریلی کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر آل سعود، سعودی حکومت اور امریکہ کے خلاف نعرے درج تھے، ریلی کے شرکاء جب جھنگ روڈ پر پہنچے تو وہاں پر احتجاجی جلسہ منعقد کیا گیا، احتجاجی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے۔
علامہ ہدایت حسین ہدایتی نے مزید کہا کہ 34ممالک کے اتحاد کے نام پر امت مسلمہ کو تقسیم کرنے کی سازش کی جارہی ہے اور اگر پاکستانی حکمرانوں نے یہود و نصاریٰ کے ایجنٹوں کے زیر سایہ پرورش پانے والے ایسے کسی بھی اتحاد کا حصہ بننے کی کوشش کی تو اس کے خلاف بھرپور مزاحمت کی جائے گی، یہود و نصاریٰ جب خود ایران کے خلاف مختلف ہتھکنڈے استعمال کرنے کے باوجود اس کا کچھ نہ بگاڑ سکے تو انہوں نے اپنے ایجنٹ عرب حکمرانوں کا سہارا لیا ہے، امت مسلمہ کو اس سلسلہ میں باخبر رہتے ہوئے ایسی تمام سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہید باقر النمر سعودی حکمرانوں سے آل رسولؐ اور اصحاب رسولؐ کو شایان شان طریقہ سے تعمیر کرنے، ان کا تقدس بحال کرنے، سعودیہ میں حقیقی اسلام محمدیؐ نافذ کرنے اور تمام امت مسلمہ کو برابر حقوق دینے کا مطالبہ کرنے کی پاداش میں شہید کردیئے گئے، دنیا بھر میں جمہوریت کا راگ الاپنے والے امریکہ کو سعودیہ میں غیر جمہوری حکومت کیوں قبول ہے، بعد ازاں ریلی کے شرکاء مرکزی امام بارگاہ میں پہنچ کر پُرامن طور پر منتشر ہوگئے۔